محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کا آم کے باغات کو کورے سے محفوظ رکھنے کی ہدایات

507
Mango growers
Mango growers

لاہور۔4دسمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب کے ترجما ن نے کہا ہے کہ آم کی اوسط پیداوار کو بڑھانے کیلئے پیداوار میں کمی کے اسباب کا جائزہ لینا بہت ضروری ہے بہتر پیداوار کے حصول کے لئے مناسب اور بروقت کھادوں کا استعمال ، ضرورت کے مطابق آبپاشی اور مختلف بیماریوں سے بچائو کے علاوہ دیگر زرعی عوامل بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں ۔

آم کے مرکزی پیداواری علاقوں میں کورا عام طورپر دسمبر کے شروع سے وسط فروری تک پڑتا ہے تاہم کورا پڑے کا زیادہ امکان وسط دسمبر سے آخر جنوری تک ہوتا ہے جب درجہ حرارت 4ڈگری سینٹی گریڈسے کم ہوجائے ۔اگر پودوں کوکو رے سے محفوظ رکھنے کیلئے مناسب حکمت عملی نہ اپنائی جائے تو آم کے چھوٹے پودوں اور نرسری کو زیادہ نقصان پہنچنے کا احتمال ہوتا ہے۔ پودوں کو کورے کے اثر سے بچائو کے لیے حفاظتی تدابیر نہایت ضروری ہیں۔

نرسری میں آم کے پودوں کو شیشم وغیرہ کی شاخوں سے اس طرح ڈھانپں کہ پودوں پر دن کے وقت سورج کی روشنی بھی پڑتی رہے۔کورا پڑنے والی ممکنہ راتوں میں ہلکی آبپاشی کرنے سے زمین کا درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے اس طرح زمینی درجہ حرارت میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوتی اور پودے کورے کے نقصان سے محفوظ رہتے ہیں۔

آم کی نرسری کو کوراسے بچانے کا ایک اور موثر طریقہ پودوں کو پلاسٹک سے ڈھانپ دینا بھی ہے۔ باغ میں جب آم کا پودا پانچ فٹ سے بڑا ہو جائے تو اسے 5فیصدچونے کا سپرے کریں۔اس طرح چونے کی ایک پتلی تہہ پتوں اور شاخوں پر بن جاتی ہے جوکہ کورےکے اثرات کو کم کرتی ہے۔

باغات میں پودوں کی عمر کے مطابق پودوں کے گھیرے میں گلا سڑا گوبر بکھیرنے سے زمینی درجہ حرارت میں تبدیلی کو روک کر کورے کے ممکنہ نقصان سے کافی حد تک بچا جا سکتا ہے۔ بڑے پودوں کے تنوں پر سفیدی کریں اور چھوٹے پودوں کے تنوں پر پرالی وغیرہ باندھ دیں مزید براں انہیں پٹ سن کے کپڑے سے لپیٹ کر بھی کورے ا ورسردی سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔

پودوں کی غذائی ضروریات کا خاص خیال رکھیں تاکہ پودے تندرست و توانا رہیں۔ کورااور سردی سے با خبر رہنے کیلئے اخبار ،ریڈیو،ٹی وی،انٹرنیٹ اور محکمہ موسمیات کی پیشنگو ئی پر نظر رکھیں۔کورا پڑنے والی ممکنہ راتوں میں کچھ باغبان رات کے وقت باغات میں مختلف اشیاء جلا کر دھواں پیدا کرتے ہیں تاکہ کورا کا اثر کم سے کم ہو لیکن اس عمل سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوتے جبکہ دھوئیں کے پودوں پر منفی اثرات بھی مشاہدہ میں آئے ہیں لہذا اس عمل سے اجتناب کیا جائے۔

آج کل مارکیٹ میں کورا سے بچائو کے لئے استعمال ہونے والے مختلف مرکبات بھی دستیاب ہیں ۔کوراسے متاثرہ پودوں کی فوری طور پر کانٹ چھانٹ بالکل نہ کریں بلکہ سردی کا موسم گزرنے کے بعد یعنی مارچ کے آغاز میں جب پودوں پر نئی پھوٹ نکلنا شروع ہو جائے تو اس وقت کورا سے متاثرہ شاخ کے ہمراہ 2سے3انچ شاخ کا سبز حصہ بھی کاٹ دیں تاکہ پودوں کو بیماری یادیگر اثرات سے بچا جاسکے۔