محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کوشکر قند ی کی وائٹ سٹار نامی قسم کی زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کاشت کی ہدایت

372
فیصل آباد،کاشتکاروں کو شکرقندی کی قسم وائٹ سٹار کاشت کرنے کی ہدایت

فیصل آباد۔ 01 اپریل (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو شکرقندی کی بہتر پیداوار کے لئے رواں ماہ اپریل کے دوران شروع کرنے اوروائٹ سٹار نامی قسم کی زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کاشت کی ہدایت کی ہے ۔ ماہرین نے کہا ہے کہ کاشتکار شکر قندی کی کاشت اپریل میں شروع کرکے جون تک مکمل کرسکتے ہیں تاہم بروقت کاشت کی صورت میں اس کی برداشت اگست میں جبکہ مئی و جون میں کاشت کی صورت میں اس کی برداشت نومبر ودسمبر میں کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ شکر قندی عموماً بیلوں کے ٹکڑے کاٹ کرلگانے سے اگائی جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ شکر قندی کو 8،10مرلہ جگہ پر 2میٹر کے فاصلہ پر پٹڑیاں بناتے ہوئے 19 سے 20کلوگرام کی مقدار میں 25 سے30سینٹی میٹر کے فاصلے پر لگایاجاتاہے۔ انہوں نے کہاکہ چونکہ شکر قندی زیر زمین پیداہوتی ہے اسلئے ریتلی میرازمین جس میں پانی کا اچھا نکاس ہو زیادہ موزوں رہتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ شکر قندی کیلئے گوبر کی کھاد استعمال نہیں کرنی چاہیے اور زمین تیار کرتے وقت اس بات کا بھی خیال رکھنا چاہیے کہ زمین 18 سے 20سینٹی میٹر سے زیادہ گہری نہ ہو ورنہ شکر قندی زیادہ گہرائی میں بنے گی جسے برداشت کرنا مشکل ہو جائے گا ۔ انہوں نے کاشتکار مزید رہنمائی کے لئے ماہرین زراعت یامحکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے استفادہ کرسکتے ہیں۔