محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے دوران ڈیوٹی موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کردی

159
محکمہ صحت

پشاور۔ 07 ستمبر (اے پی پی):محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے دوران ڈیوٹی موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کردی۔ محکمہ صحت کا کوئی بھی اہلکار دوران ڈیوٹی موبائل فون کا استعمال نہیں کر سکے گا۔

اس حوالے سے محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی جانب سے صوبے کے تمام ہسپتالوں اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو مراسلہ بجھوا دیا گیا۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ملازمین کے موبائل کے استعمال سے متعلق عوامی شکایات سامنے آرہی ہیں۔عملے کی جانب سے موبائل کے استعمال کی وجہ سے مریضوں کے ساتھ لڑائی جھگڑے جیسے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں۔

مزید کہا گیا ہے کہ ڈیوٹی کے اوقات میں موبائل فون کے استعمال سے مریضوں کا علاج متاثر ہو رہا ہے۔ تمام ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ دوران ڈیوٹی موبائل فون کا استعمال ترک کیا جائے۔ ڈیوٹی کے اوقات میں موبائل فون استعمال کرنے والے عملے کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ خلاف ورزی کی صورت میں محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔