فیصل آباد۔ 21 اپریل (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل ماحولیات پنجاب عمران حامد شیخ کی ہدایات پر محکمہ تحفظ ماحول نے گزشتہ دو ہفتوں میں بھرپور ایکشن لیتے ہوئے ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے پر زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے 6 بھٹہ جات پر آپریشن رکوادیا جبکہ خلاف ورزی پر19 بھٹہ مالکان کیخلاف مقدمات درج اور 24 لاکھ روپے جرمانہ کیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات جوہر عباس رندھاوا نے بتایا کہ دو ہفتوں میں ٹیموں نے ضلع بھر میں 65 بھٹہ جات پر انسپکشن کی اور خلاف ورزی پر ایکشن لیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ سکواڈ نے شاہرات پرزہریلا دھواں چھوڑنے والی 56 وہیکلز کے چالان اور ایک لاکھ 12 ہزار روپے جرمانہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ اس عرصہ کے دوران مجموعی طور پر 785 وہیکلز کو چیک کیا گیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر نے بتایا کہ محکمہ کی ٹیموں نے 46 انڈسٹریل یونٹس چیک کئے اور بوائلر میں ممنوعہ مواد بطور ایندھن جلانے پر 11 یونٹس کے مالکان وآپریٹرز کو کڑی وارننگ اور خلاف ورزی پر 4 لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے کارروائیوں کا سلسلہ بلاتعطل جاری ہے۔