کراچی۔ 29 اپریل (اے پی پی):محکمہ نارکوٹکس کنٹرول روہڑی سرکل نے سینٹرل جیل روڈ پر کارروائی کے دوران مسافر کوچ سے منشیات سمگلنگ میں ملوث 2خواتین سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرکے 6کلواعلی کوالٹی چرس برآمدکرلی۔منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق گرفتار ملزمان میں صفیہ بنگلزئی، شازیہ بنگلزئی اور ساجد بنگلزئی شامل ہیں،جوآپس میں رشتہ دار ہیں اور پہلے بھی منشیات سمگلنگ میں ملوث رہے ہیں۔
تینوں ملزمان مسافر کوچ نمبر BSC-298 میں کوئٹہ سے سفر کر رہے تھے کہ اس دوران محکمہ نارکوٹکس کنٹرول نے اے ای ٹی او قمرالدین سیال اور ای ٹی آئی محمد یعقوب جاگیرانی کی سربراہی میں کارروائی کرکے انہیں گرفتارکرلیا۔گرفتارملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ نے منشیات سمگلنگ کے خلاف کامیاب کارروائی پر متعلقہ افسران کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی کہ صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف بلاتفریق و بھرپور کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589593