مدینہ منورہ ۔ 23 اگست (اے پی پی) مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے حاجیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے،اس ائرپورٹ سے 15ستمبر تک 3 ہزار سے زائد پروازیں اڑان بھرتے ہوئے حجاج کرام کو ان کے متعلقہ ممالک تک پہنچائیں گی۔سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے مطابق شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ائر پورٹ پر حجاج کرام کی سہولتوں کے لئے 104 ڈیسک قائم کیئے گئے ہیں جن میں سے 60 پاسپورٹ پروسیجرز کے لئے کام کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حجاج کی آسانی کے لئے 24 گیٹس پلوں کے ذریعے براہ راست طیاروں سے منسلک کیئے گئے ہیں اور 9گیٹس مسافروں کو بسون کے زریعے طیاروں تک پہنچانے کے لئے قائم ہیں۔سعودی کمانڈر برائے حج سیکیورٹی فورسز فواد بن قلیت الفقیر نے کہا ہے کہ ائر پورٹ پر ایک حاجی کے ڈیپارچر کا عمل 30 سکینڈ میں مکمل کیا جا رہا ہے۔