اقوام متحدہ ۔ 19 نومبر (اے پی پی) پاکستان نے افغانستان میں سیکورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال ، تشدد کے واقعات اور شہری ہلاکتوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات افغانستان میں پائیدار امن کے قیام کا واحد راستہ ہیں۔ افغانستان کی صورتحال کے بارے میں مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ افغان حکومت اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات ہی افغانستان کے دیرینہ مسائل کا واحد حل ہےں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن اور مفاہمت کےلئے فریقین کے درمیان مذاکرات کے پاکستانی موقف کی اب عالمی برادری نے بھی توثیق کی اور اس ضمن میں عالمی برادری میں اتفاق رائے بھی پایا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے مزید کہا کہ ثالثی کے اس عمل میں مقامی اور علاقائی مفادات کے باعث مایوسی پھیلائی جا رہی ہے جو کہ داعش اور القاعدہ کی دہشتگردی کے خلاف مہم کےلئے بھی نقصان دہ ہے۔