اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ مذاکرات جمہوریت کی بنیاد اور سیاسی چیلنجز سے نمٹنے کا واحد قابل عمل راستہ ہے۔
پارلیمنٹ ہائوس کے باہر پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے جمہوری روایات کو فروغ دینے کے لئے اپنی پارٹی کے عزم کا اعادہ کیا اورکہا کہ مسلم لیگ (ن) نے مسائل کے حل اور ملک کو آگے بڑھانے کے لئے کئی بار تعمیری بات چیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان تحریک انصاف کو پاکستان کی بہتری کے لئے مذاکرات کی دعوت دی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) نے معاشی استحکام کے حصول کے لے میثاق معیشت تجویز کیا ہے۔
انہوں نے پی ٹی آئی کی قیادت پر زور دیا کہ وہ اپنے سابق چیئرمین کو اس بات چیت کی حمایت کے لئے قائل کریں نہ کہ خود اس بات چت میں شامل ہونے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے مذاکرات کو بار بار مسترد کئے جانے کے باوجود اب وقت آ گیا ہے کہ وہ سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور تعمیری حل کے لئے کام کریں۔