پشاور۔ 06 اکتوبر (اے پی پی):مردان کے تھانہ خرکی کی حدود میں پولیس کے سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران 7 افراد کو گرفتار کرکے ان سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
مردان پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مردان ظہور بابر آفریدی کی ہدایت پر ڈی ایس پی شیرگڑھ سرکل کی نگرانی میں تھانہ خرکی کی حدود میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا گیا. آپریشن میں 15 پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا اور خرکی، ززئی، کالو شاہ، قاسمی، سروبئی، تازہ گرام سمیت مختلف علاقوں میں 12 گھروں کی تلاشی لی گئی.
آپریشن کے دوران 5 پستول، 20 گولیاں اور 5 موٹرسائیکلیں برآمد کی گئیں جبکہ 216 کے تحت 2 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ مزید برآں 3 افراد کو 107/151 اور 2 افراد کو 55/109 کے تحت گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کی یہ کارروائیاں علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کےلیے جاری رہیں گی۔