مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام فری آئی کیمپ کا انعقاد، سینکڑوں مریضوں کا مفت معائنہ اور ادویات فراہم کی گئیں

79

لاہور۔26جنوری (اے پی پی):مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام سمن آباد پی پی 171 میں ایک روزہ فری آئی کیمپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ کیمپ میں سینکڑوں مریضوں کا مفت معائنہ کیا گیا، جنہیں عینکیں اور ادویات فراہم کی گئیں۔ اس کے علاوہ سفید اور کالے موتیے کے مریضوں کا مفت آپریشن لائف کیئر ہسپتال میں کروایا جائے گا۔ اس موقع پر پاکستان ملی لیبر فیڈریشن کے صدر میاں غلام مصطفی، سٹی صدر چوہدری معاذ اشتیاق، وقار علی جٹ، اور مرکزی مسلم لیگ پی پی 171 کے صدر فہد بٹ جنرل سیکرٹری نعمان سیف اللہ نے کیمپ کا دورہ کیا۔ میاں غلام مصطفی نے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور عوام کی فلاح و بہبود کو اپنی ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔

مرکزی مسلم لیگ گراس روٹ لیول پر اپنی مدد آپ کے تحت عوام کو صحت عامہ کی سہولیات فراہم کر رہی ہے، جو کہ سیاست میں خدمت کا حقیقی مظہر ہے۔ چوہدری معاز اشتیاق نے کہا کہ پارٹی کا مقصد عوام کو صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ ہر فرد کی زندگی بہتر ہو سکے۔ ایسے فلاحی منصوبے عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہماری جدوجہد کا حصہ ہیں۔ انہوں نے تنظیمی کارکنان کی محنت اور لگن کو بھی سراہا۔عوام نے اس فری کیمپ کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی مسلم لیگ کے اقدامات کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔