مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس،محرم الحرام کے دوران ہر ضلع میں سپوکس پرسن مقررکرنے اور فوری ریسپانس فورس کی تعیناتی کا فیصلہ

11
Meeting chaired by Maryam Aurangzeb
Meeting chaired by Maryam Aurangzeb

لاہور۔22جون (اے پی پی):سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اتوار کے روز جائزہ اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں محرم الحرام کے دوران ہر ضلع میں سپوکس پرسن مقررکرنے، پنجاب میں پہلی بار سائبر پیٹرولنگ اور فوری ریسپانس فورس کی تعیناتی،موبائل فونز کی نگرانی،سوشل میڈیا پرفیک نیوز،افواہ سازی کے خاتمے کی حکمت عملی تیار اور خلاف ورزی پر پرچیو سزائیں دینے کا فیصلہ کیا گیا،

جن کی حتمی منظوری25 جون کو وزیراعلی مریم نواز کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں دی جائے گی۔ اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ محرم میں پنجاب بھر میں ایک لاکھ دس ہزار سکیورٹی اہلکارتعینات کئے جائیں گے،38 ہزار 217 محرم مجالس کی سکیورٹی کیلئے 79 رینجر زاہلکار بھی مدد کریں گے،دفعہ 144 نافذہوگی،علما وامن کمیٹیوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت مکمل کرلی گئی،اجلاس کو جلوسوں کے راستوں،مرمت و صفائی، بجلی کے تاروں، خراب ٹرانسفارمز سے متعلق اقدامات سے بھی آگاہ کیاگیا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ وزیر اعلی نے محرم میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کی ہدایت کی ہے ،محرم سے متعلق انتظامات اور سکیورٹی دستوں کی پیشگی مشق کی جاچکی ہے، جلوسوں کی سیف سٹی کیمروں سے مکمل نگرانی ہوگی، شہریوں کی راہنمائی اور جلوس کے شرکا کی سہولت کے لیے واضح نشانات آویزاں ہوں گے،مرکزی اور ضلعی کنٹرول رومز، ڈی جی پی آر میں فیک نیوز کی نگرانی کا مرکز بنا دیاگیا،ایک ہی ڈیزائن کی سبیلیں لگیں گی، شدید گرمی کے پیش نظر جلوسوں کے اوقات میں تبدیلی کی تجویز دی گئی ،

وزیراعلی نے سائے اور پانی کی فراہمی، فرسٹ ایڈ پوائنٹس کے قیام، فیلڈ ہسپتال، کلینکس آن ویلز کی ہروقت دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ،جلوس کے راستے میںپبلک ٹوائلٹس کے قیام، گٹروں کے ڈھکن چیک کرنے اور اس کے ساتھ ساتھ صفائی کا انتظام یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے ،متبادل ٹریفک، پارکنگ مقامات، خواتین پولیس اہلکاروں کی فراہمی کے انتظامات بھی کرلئے گئے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ داتا گنج بخش اور گنج شکر کے عرس سمیت جھنگ اور دیگر اضلاع میں مذہبی تقریبات کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں،خواتین پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی کے دوران ذاتی موبائل فون رکھنے کی اجازت نہیں ہو گی،ڈرونز کے ذریعے جلوسوں کی نگرانی ہوگی، سکیورٹی فورسز کے سوا اسلحہ پر مکمل پابندی ہوگی ،جلوسوں کے داخلی مقامات پر چہروں سے شناخت کرنے والے کیمرے لگائے جائیں گے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ محرم اسلامی کیلنڈرکا مقدس مہینہ ہے جس میں وزیراعلی مریم نوازنے بہترین انتظامات کی ہدایت کی ہے ،شہریوں کے لئے سکیورٹی، سہولت اور صفائی کا بڑی عید کی طرح ریکارڈقائم کرنا ہے۔اجلاس میں صحت، خزانہ، داخلہ، خوراک سمیت تمام صوبائی سیکرٹریوں اور ریجنل پولیس افسران نے شرکت کی ،اجلاس میں سکیورٹی پلان کے تحت یکم سے دس محرم اور اس کے بعد کے تمام انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔