مریم نواز اداروں کو نشانہ بنا رہی ہیں ، جعلی ویڈیو آڈیو کا مقصد احتساب کے عمل کو سبوتاژ کرنا ہے ، معاون خصوصی ڈاکٹر شہبازگل کی وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب اور پارلیمانی سیکرٹری کنول شوزب کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس

132

اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی ڈاکٹر شہبازگل نے کہا ہے کہ مریم نواز اداروں کو نشانہ بنا رہی ہیں ، جعلی ویڈیو آڈیو کا مقصد احتساب کے عمل کو سبوتاژ کرنا ہے ، جھوٹ بولنا اور دشنام ترازی کرنا ان کا پرانا وطیرہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب اور پارلیمانی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات کنول شوزب کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہاکہ مریم نواز نے کہا تھا کہ میری لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں پھر بعد میں دونوں جگہ جائیدادیں نکلیں ۔ انہوں نے کہاکہ آپ نے کیلیبری فونٹ متعارف کروایا آپ نے محترمہ شہید بینظیر کی برہنہ تصاویر بنوائیں۔ انہوں نے کہاکہ مریم نواز نے رانا شمیم کا نام لیا جن کو انہوں نے نوازا، آپ اداروں کو گالیاں دیتے ہیں، جو جج آپ کو سزا دیں آپ اس کے گریبان میں ہاتھ ڈالتے ہیں ،آپ ادارے کو گالی دیتی ہیں پھر کہتی ہیں کہ ایک شخص کو گالی دی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ آپ نے کچھ چینلز کے ایڈ بند کرنے کی بات کی، آج بھی آپ نے اپنے پسندیدہ چینل کے رپورٹر سے سوال لیا ،مریم نواز آپ اس قدر بدتمیز ہیں کہ آپ کو معلوم نہیں کہ ججز کے بارے میں بات کس طرح کرنی ہے ،یہ کہتی ہیں عدلیہ میں کچھ گروہ ہیں۔

شہبازگل نے کہاکہ شریف خاندان کا یہ پرانا وطیرہ ہے کہ یہ اپنی پریس کانفرنس جھوٹ سے شروع کرتے ہیں۔ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی جعلی آڈیو پر مریم صاحبہ یہ کہتی ہیں کہ ان میں سے چند الفاظ درست ہیں۔نجی چینل کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اصل ویڈیو نکالی جس سے آڈیو فیبریکیٹ کی گئی تھی۔

انہوں نے کہاکہ آپ کے والد بھی قرآن پاک کو سیاست میں لے کر آتے تھے اور یہ آپ لوگوں کا پرانا کام ہے۔اگر آپ کا کیلبری فونٹ جھوٹا نہ ثابت ہوتا تو شاید آج آپ کی کوئی بات مان لیتا۔انہوں نے کہاکہ یہ ازل کے جھوٹے ہیں جب بھی بولیں گے جھوٹ بولیں گے، ان کو ان کے جھوٹوں پر سزا ملنی چاہئے ۔