لاہور۔3مارچ (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے محمد شہباز شریف کو دوسری مرتبہ وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔اتوار کے روز اپنے ایک تہنیتی پیغام میں انہوں نے نو منتخب وزیر اعظم محمد شہباز شریف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہو ئے کہا کہ محمد شہباز شریف کا دوسری مرتبہ وزیر اعظم منتخب ہونا پاکستان کیلئے خوشحالی و ترقی کی نوید لے کر آئے گا،
ملکی معاشی، سماجی اور سیاسی مسائل حل کرنے کیلئے شہباز شریف کی قیادت نا گزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے عہدے پر محمد شہباز شریف کا انتخاب حقیقی جمہوریت کی فتح اوران کا ماضی گواہ ہے کہ وہ محنت،کارکردگی ومیرٹ پر یقین رکھتے ہیں جس کی دنیا معترف ہے۔
وزیر اعلی مریم نواز نے پوری پاکستانی قوم کو بھی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی قائد محمد نواز شریف کی سربراہی میں پاکستان میں خدمت کے نئے دور کا آغاز ہو گا، محمد شہباز شریف کی شکل میں پاکستانیوں کو خادم مل گیا ہے،جس طرح انہوں نے بطور وزیر اعلی پنجاب عوام کی خدمت کی، اب وہ پورے ملک کی عوام کے دکھوں کا مداواکریں گے۔