مریم کی دستک پروگرام کا دائرہ کار پنجاب کے40 اضلاع تک وسیع کر دیا گیا

212
مریم کی دستک پروگرام کا دائرہ کار پنجاب کے40 اضلاع تک وسیع کر دیا گیا

فیصل آباد۔ 02 جنوری (اے پی پی):پبلک سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنانے کیلئے مریم کی دستک پروگرام کا دائرہ کارفیصل آبادڈویژن کے چاروں اضلاع سمیت پنجاب کے 40 اضلاع تک وسیع کر دیا گیاہے جس کے باعث اب شہری دستک موبائل ایپ کے ذریعے 70سے زائد عوامی اور کاروباری خدمات اپنی دہلیز پر حاصل کر سکتے ہیں جبکہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ(پی آئی ٹی بی)کی وضع کردہ دستک ایپ کے ذریعے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ، برتھ سرٹیفکیٹ، ایف آئی آر کی کاپی، لرنر ڈرائیونگ لائسنس اور ای سٹیمپنگ جیسی خدمات گھر بیٹھے حاصل کی جا سکتی ہیں نیز مذکورہ پروگرام کے ذریعے نہ صرف خواتین، معمر اور نوکری پیشہ افرادبلکہ ہر طبقے کو دفاتر کے چکروں اور لمبی قطاروں سے نجات ملی ہے۔

اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنرفیصل آباد کیپٹن(ر)ندیم ناصرنے فسیلی ٹیٹرز(معاونین)سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مریم کی دستک” ایپ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا عوام کوگھر کی دہلیز پر سروسز پہنچانے کا انقلابی اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو سرکاری دستاویزات کی فراہمی اب بغیر قطار اور انتظار کے دستیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ”مریم کی دستک” ایپ کے ذریعے یا ہیلپ لائن 1202 پر کال کرکے مطلوبہ سروس کی درخواست دی جاسکتی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ درخواست موصول ہونے پر متعلقہ معاونین شہری کے گھر پر جاکر مطلوبہ دستاویزات کی فراہمی کو یقینی بنارہے ہیں۔

کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے مزید بتایا کہ فیصل آباد میں 105معاونین 1108 ٹاسک مکمل کرچکے ہیں جبکہ637 ٹاسک پر محکمانہ کام جاری ہے۔انہوں نے معاونین کو ہدایت کی کہ وہ محنت،لگن اور دیانتداری کیساتھ شفافیت کو یقینی بنائیں اورحکومت پنجاب کے مذکورہ انقلابی اقدام کے فوائد ہر درخواست گزار تک پہنچنے چاہئیں۔