مزدوروں اور پسے ہوئے طبقات کی زندگی میں تبدیلی لانا وزیراعظم عمران خان کا مشن ہے، چوہدری فواد حسین

135
ہم منظم مافیا کا سامنا کر رہے ہیں، ٹرانسپرینسی انٹرنیشنل کی بے سروپا رپورٹ میں ایسے قصے جوڑے گئے کہ کرپٹ اپوزیشن کی بھی جرات ہوئی کہ حکومت پر تنقید کرے، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا ٹویٹ

اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ یکم مئی محنت کشوں کا دن ہے جو دنیا سے اپنے جائز حقوق مانگتے ہیں،مزدور اور محنت کش طبقات انسانی ترقی اور تہذیب و تمدن کے معمار ہیں، محنت کش کی ترقی اور اس کے حقوق کا تحفظ ہی معاشرے کی اجتماعی ترقی اور عوامی خوشحالی کا ضامن بن سکتا ہے۔

ہفتہ کو یومِ مزدور کے موقع پر پیغام میں انہوں نے کہا کہ مزدوروں اور پسے ہوئے طبقات کی زندگی میں تبدیلی لانا وزیراعظم عمران خان کا مشن ہے، عمران خان نے بھوکے پیٹ سڑکوں پر سونے والوں کے لیے پناہ گاہیں اور لنگر خانوں کا انتظام کر کے انہیں ریاست کا مہمان بنایا۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کے اس دور میں عمران خان کی فکر کا محور مزدور پیشہ طبقات ہیں،صحت اور روزگار دونوں کو اہمیت دیتے ہوئے مزدوروں کے بہتری کے اقدامات اٹھانا ان کی پہلی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام اور ہاؤسنگ شعبے کی ترقی کے اقدامات وزیراعظم عمران خان کا مزدوروں سے دلی وابستگی کا پختہ ثبوت ہے۔ استحصالی نظام سے چھٹکارے اور سماجی انصاف کی فراہمی کی جدوجہد عمران خان کی قیادت میں جاری رہے گی۔