مزدوروں کی بقا، بہتری اور فلاح و بہبود کے لئے صرف پیپلز پارٹی کام کرتی ہے،سعید غنی کا تقریب سے خطاب

120

کراچی ۔1مئی (اے پی پی):وزیر محنت و افرادی قوت سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان میں مزدوروں کی بقا، بہتری اور فلاح و بہبود کے لئے کوئی سیاسی جماعت کام کررہی ہے تو وہ صرف اور صرف پاکستان پیپلز پارٹی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز لیبر بیورو کراچی ڈویژن کے تحت آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں یکم مئی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی، پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب جنیدی، نجمی عالم، آرٹس کونسل کے صدر سید احمد شاہ، کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی، پائلر کے کرامت علی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں پیپلز لیبر بیورو کراچی کے سیکرٹری، متعدد اداروں کی لیبر یونین کے صدور، جنرل سیکٹریرز و ممبران سمیت مزدوروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ میں آج کے دن شکاگو کے ان شہداء کو سلام پیش کرتا ہوں کہ جن کی یاد میں آج دنیا بھر میں مزدوروں کا یہ دن منایا جاتا ہے اور ان شہداء کی شہادتوں کے ثمر میں آج دنیا بھر میں مزدوروں کو اوقات کار ملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مزدوروں کی بقا، بہتری اور فلاح و بہبود کے لئے کوئی سیاسی جماعت کام کررہی ہے

تو وہ صرف اور صرف پاکستان پیپلز پارٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں تمام جماعتیں دعوے ضرور کرتی ہیں اور شاید آج مزدوروں کا عالمی دن بھی منا رہی ہیں، مزدوروں کی شان میں قصیدے بھی پڑھ رہی ہوں گی لیکن کوئی جماعت سوائے پیپلز پارٹی کے مزدوروں کی بہتری کے لئے کام نہیں کررہی ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ اس وقت ملک کو سب سے بڑا چیلنج معاشی عدم استحکام اور مہنگائی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک اس ملک کے غریب اور مزدوروں کے حالات بہتر نہیں ہوں گے اس ملک کے حالات بھی بہتر نہیں ہوسکیں گے۔ اب سب کو مل کر یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ آپ کو اپنی طاقت بھلائی کے لئے استعمال کرنا ہے یا اس ملک کی تباہی کے ذمہ دار سیاسی جماعتوں کے لئے استعمال کرنا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیگر رہنمائوں نے بھی مزدوروں کے ان حقوق اور ان کے اوقات کار پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر دور میں مزدوروں اور محنت کشوں کو نہ صرف ان کے حقوق دلوائے بلکہ ان کے فلاح و بہبود کے لئے بھی اقدمات اٹھائے۔