اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ یکم مئی صرف ایک دن نہیں بلکہ عزم، قربانی اور انسانی عظمت کی وہ روشن علامت ہے جو ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ ترقی یافتہ قومیں اپنے محنت کشوں کے احترام، ان کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیح بناتی ہیں،محنت کش کسی بھی قوم کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، کھیتوں، کارخانوں ، عمارتوں کی تعمیرات، شاہراہوں کی و دیگر سرگرمیاں سب کچھ ان بے لوث انسانوں کی جدوجہد، پسینے اور عزم کا مظہر ہیں، ان کی محنت ہی وہ سرمایہ ہے جو ملک و قوم کو ترقی کے سفر کو رواں دواں رکھتا ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق مزدوروں کے یوم عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں قوم کے تمام محنت کشوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں بطور قوم اس حقیقت کا ادراک کرنا ہوگا کہ جب تک مزدور طبقے کو سماجی، معاشی اور قانونی تحفظ فراہم نہیں کیا جاتا، پائیدار ترقی کا خواب ادھورا رہے گا،
ایک ایسا معاشرہ جہاں مزدور کی عزت، حقوق کی پاسداری اور انصاف کی فراہمی یقینی ہو، وہاں خوشحالی اور امن اپنے قدم جمانے میں دیر نہیں لگاتے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان، خصوصاً سینیٹ آف پاکستان، ہمیشہ سے محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ، اجرتوں میں بہتری، محفوظ ماحول، اور سماجی انصاف کے فروغ کے لئے سرگرم عمل رہی ہے، ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ آئندہ بھی ہر اُس قانون سازی اور پالیسی سازی میں پیش پیش رہیں گے جو محنت کشوں کی زندگیوں میں بہتری اور خوشحالی کا پیش خیمہ بنے۔اس موقع پر سید یوسف رضا گیلانی نے اس تاریخی حقیقت کو بھی اجاگر کیا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے محنت کشوں کے حقوق کے لئے انقلابی اقدامات کئے، مؤثر اور جامع قانون سازی متعارف کرائی اور مزدوروں کو بااختیار بنانے کے لئے ٹھوس پالیسیاں واضع کیں، پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی محنت کشوں، کسانوں اور محروم طبقات کے حقوق کے تحفظ پر رکھی گئی تھی اور آج بھی پیپلز پارٹی اسی نظریے کو اپنی سیاست کا بنیادی ستون سمجھتی ہے،
ہماری جدوجہد کا محور ہمیشہ یہ رہا ہے کہ مزدوروں کو باوقار زندگی فراہم کی جائے، ان کے لیے بنیادی ضروریات مثلاً تعلیم، صحت، رہائش اور سماجی تحفظ کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ محنت کشوں کے بچے بھی تعلیم، صحت اور خوشگوار مستقبل کے حق دار ہیں،ہمیں ان کی بہتری اور خوشحالی کیلئے مربوط اور عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے تاکہ کوئی بچہ غربت اور مجبوری کے ہاتھوں اپنے خوابوں کو ادھورا چھوڑنے پر مجبور نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنے محنت کش بھائیوں اور بہنوں کے وقار کا تحفظ کریں گے، ان کی خوشیوں کو اپنی قومی ترقی کا حصہ بنائیں گے اور ایک ایسا سماج تشکیل دیں گے جہاں محنت کو غلامی نہیں بلکہ عزت و عظمت کا درجہ حاصل ہو۔سید یوسف رضا گیلانی نے حکومت، نجی شعبوں، مزدور تنظیموں، اور سول سوسائٹی سے پرزور اپیل کی کہ وہ باہم مل کر ایک ایسا مربوط نظام تشکیل دیں جہاں ہر محنت کش کو اس کی محنت کا مکمل اور منصفانہ صلہ ملے، کام کی جگہ پر تحفظ میسر ہو، اور ہر مزدور اپنے آپ کو قومی ترقی کے سفر کا معزز اور فعال حصہ سمجھے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ آئیں ہم سب مل کر آج یہ حلف اٹھائیں کہ ہم محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ، ان کی زندگیوں میں بہتری، اور ان کے خوابوں کی تعبیر کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں وقف کریں گے، اور ایک ایسا پاکستان تعمیر کریں گے جہاں پسینہ بہانے والے ہاتھوں کو عزت، وقار اور خوشحالی نصیب ہو۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590531