راولپنڈی۔5فروری (اے پی پی):صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم پنجاب راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر محض کسی خطہ ارضی کا معاملہ نہیں بلکہ یہ کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق کا مسئلہ ہے جنہیں دنیا بھرکے قوانین اور آئین مانتے ہیں ۔
اگر اقوام عالم کے راہنما اور عوام کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی تائید و حمایت نہیں کرتے تو در اصل وہ اپنے ملک کے جمہوری آئین و قانون کے انکاری ہیں ۔ دنیا کو اب کشمیری عوام کی آواز میں آواز میں ملا کر کشمیر سے انڈیا کے ناجائز قبضے کو ختم کروانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں یہ بات یوم یک جہتی کشمیر کے حوالے سے اپنے ایک خصوصی بیان میں کہی ۔
راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے دنیا بھر کے فورمز پر مسئلہ کشمیر کو پوری شدت کے ساتھ اجاگر کیا ہے اور وزیر اعظم عمران خان جہاں بھی جاتے ہیں وہ کشمیری اور فلسطینی عوام کی آزادی کی ترجمانی کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کے آئین اور قانون میں ان بنیادی انسانی حقوق کو تسلیم بھی کیا گیا ہے اور ان کے تحفظ کیلئے عملی جدوجہد کا بھی عہد کیا گیا ہے جن سے کشمیری عوام کو ستر سال سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ اگر دنیا کے ممالک کے راہنماء اور عوام کشمیری عوام کے حقوق کے حوالے سے خاموش ہیں تو اس کا مطلب یہی ہے کہ وہ عملی طور پر اپنے آئین و قانون کے ان حصوں کو نہیں مانتے جن میں بنیادی انسانی حقوق اور ان کے تحفظ کی بات کی گئی ہے ۔
راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ ہر ملک کا آئین اس کے سیاسی راہنمائوں اور عوام سے تقاضا کرتا ہے کہ وہ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت کریں اور انہیں ان کے حقوق دلوانے میں اپنا کردار فعال طریقے سے ادا کریں ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کی تحریک کو بھارت ظلم ،
جبر و بربریت اور دھونس و دھاندلی کے تمام تر حربے آزما لینے کے باوجود ختم نہیں کر سکا اور اب اسے نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی قیادت اور عوام کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی قانونی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=293993