28.2 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومقومی خبریںمسئلہ کشمیر پوری طرح اقوام متحدہ کے چارٹر پر موجود ہے، حکومت...

مسئلہ کشمیر پوری طرح اقوام متحدہ کے چارٹر پر موجود ہے، حکومت آزاد کشمیر آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کرے گی ، وزیراعظم آزاد کشمیر

- Advertisement -

اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پوری طرح اقوام متحدہ کے چارٹر پر موجود ہے، حکومت آزاد کشمیر آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کرے گی اور متفقہ فیصلے کو پاکستان کے سامنے رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں حریت قیادت کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزراء وقار نور، اظہر صادق، چوہدری قاسم مجید، حریت قیادت میں محمود ساغر، غلام محمد صفی، شیخ عبدالمتین اور دیگر بھی موجود تھے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے آنے والا فیصلہ کشمیریوں کے لیے متوقع تھا، مسئلہ کشمیر پوری طرح اقوام متحدہ کے چارٹر پر موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ کی جانب سے دو روز قبل لوک سبھا میں متنازعہ بلوں سے یہ فیصلہ عیاں ہوچکا تھا، بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں جعلی انتخابات کرانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14 دسمبر کو قانون ساز اسمبلی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے، نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ قانون کو ساز اسمبلی سے خطاب کی دعوت دی ہے۔

- Advertisement -

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کرے گی اور متفقہ فیصلے کو پاکستان کے سامنے رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں کا ہمیں مل کر ازالہ کرنا ہے، نسل نو کی نظریاتی تربیت کے بغیر عملی جدوجہد میں دیر تک ساتھ نہیں دے سکیں گے، تمام سیاسی جماعتیں، حریت کی قیادت سب مل کر بیٹھیں گے اور ماضی کی غلطیوں کا ازالہ کریں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=419250

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں