مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھنے میں برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کا بہت اہم کردار ہے ، صدر آزاد کشمیر

153
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو اُجاگر کرنے میں بیرون ملک آباد اوورسیزکشمیریوں کے بے مثال کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، بیرسٹر سلطان محمود

مظفر آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھنے میں برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کا بہت اہم کردار ہے لہذا مسئلہ کشمیر کے اس نازک اور اہم موڑ پر اس بات کی ضرورت ہے کہ بیرون ملک بالخصوص برطانیہ میں مقیم کشمیری مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف آواز اُٹھانے کے لئے زیادہ موثر انداز میں متحرک ہو جائیں ۔

برطانیہ میں اس وقت ہمارے نو سے زیادہ ممبران پارلیمنٹ ہائوس آف لارڈز کے ممبر زاور بڑی تعداد میں لارڈ میئرز، میئرز اور کونسلرز ہیں جو کہ جارحانہ انداز میں مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے اور بھارت کی ریشہ دوانیوں کا جواب دینے کے لئے اُٹھ کھڑے ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آباد میں کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل نارتھ زون برطانیہ کے صدر چوہدری مالک سے تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ 05اگست2019ء کے اقدامات کے بعد بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت میں اضافہ کر دیا ہے اور وہاں پر بڑے پیمانے پر تبدیلیاں شروع کر دیں ہیں تاکہ وہ آبادی کا تناسب اپنے حق میں کر کے ہندو وزیر اعلیٰ لاسکےتاکہ مسئلہ کشمیر ختم کیا جائے،

انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں ہمیں عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی جانب مبذول کرانی ہے اور بھارت کے مکروہ عزائم کو انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے بے نقاب کرنا ہے تاکہ مودی کی ہندوتوا پالیسیوں کا پردہ چاک کیا جا سکے اس کے لئے برطانیہ میں مقیم کشمیری جارحانہ انداز میں انٹرنیشنل فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے اُٹھ کھڑے ہوں اور کشمیری عوام کا مقدمہ اقوام عالم کے سامنے موثر اور جاندار انداز میں پیش کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ میں مقیم کشمیری مسئلہ کشمیر اور وہاں جاری انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف آواز اُٹھانے کے لئے کمر بستہ ہو جائیں اور دنیا کو یہ باور کرا دیں کہ کشمیری عوام اپنا حق خودارادیت ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ اس موقع پر کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل نارتھ زون برطانیہ کے صدر چوہدری مالک نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو برطانیہ کے دورے کی دعوت دی جو صدر ریاست نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد برطانیہ کا دورہ کرکے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی طرف انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ مبذول کرائیں گے۔