اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلویز شاہد اشرف تارڑ نے کہا ہے کہ مسافروں اور مال بردار ٹرینوں کی آمدن میں 17 فیصد اضافہ ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ جس میں پاکستان ریلویز کی کارکردگی، آپریشنل اور انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ راولپنڈی ریلوے سٹیشن کمرشلائزیشن ایکشن پلان ٹائم لائن کے ساتھ جلد پیش کیا جائے، ریلوے سٹیشن کی کمرشلائزیشن منصوبے کو مرحلہ وار مکمل کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے میں ای آر پی کے نفاذ سے ریلوے میں مالیاتی کارکردگی میں بہتری آئی ہے، ریلوے میں ایندھن کی استعداد کار بڑھانے کے لیے آن لائن فیول مینجمنٹ سسٹم کو ترجیحی بنیادوں پر نافذ کیا جائے۔
وفاقی وزیر نے مسافروں اور مال بردار ٹرینوں کی آمدن میں 17 فیصد اضافہ حاصل کرنے پر ریلوے ٹیم کو سراہا۔ اجلاس میں تمام کیٹیگری اے کے ریلوے سٹیشنوں پر بی او ٹی کی بنیاد پر ایگزیکٹیو ٹوائلٹس بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔