مسافروں کا تحفظ اور انکو سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہونی چاہئے،خواجہ سعد رفیق

81

ملتان۔8جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مسافروں کا تحفظ اور انکو سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہونی چاہئے ، ریلوے اسٹیشنوں پر ٹھنڈے پانی اور بینچ کا زیادہ سے زیادہ انتظام کیا جائے جبکہ ٹرینوں میں سکیورٹی کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روزڈی ایس ریلوے دفتر ملتان میں ڈویژنل سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ محکمہ ریلوے کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کریں گے۔ اس موقع پر ڈی ایس ریلوے ملتان ڈویژن حماد حسن مرزا نے انہیں مختلف امور پر بریفنگ دی۔ بعد ازاں خواجہ سعد رفیق نے ڈی ایس ریلوے ملتان ڈویژن کے ہمراہ ڈی ایس آفس میں پودا لگایا ۔قبل ازیں خواجہ سعد رفیق کی ملتان آمد پر ڈی ایس ریلوے ملتان ڈویژن حماد حسن مرزا نے ان کا استقبال کیا اور گلدستہ پیش کیا۔