جنیوا ۔16اپریل (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او ) نے کہا ہے کہ مستقبل میں عالمگیر وبائی امراض سے نمٹنے کے لئے معاہدہ طے پا گیا۔ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریئس نے ایک بیان میں کہاکہ تین سالوں کی پیش رفت کے بعد اور ایک آخری میراتھن سیشن کے بعد، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ہیڈ کوارٹر میں مندوبین نے بالآخرمستقبل میں عالمگیر وبائوں سے نمٹنے کے طریقہ کار سے متعلق ایک تاریخی معاہدے کے متن پر اتفاق کیاجس کا مقصد کووڈ۔ 19 کی عالمگیر وبا کے دوران کی گئی غلطیوں کے اعادے سے بچنا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ اس معاہدے پر اتفاق رائے تک پہنچنے کا مقصد نہ صر ف آنے والی نسلوں کو محفوظ بنانا ہے بلکہ یہ ثابت کرنا ہے کہ ہماری منقسم دنیا میں کثیرالجہتی نظام زندہ ہے اور تما م قومیں اب بھی آنے والے خطرات سے مل کر نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس معاہدے کا حتمی متن اب اگلے ماہ ڈبلیو ایچ او کی سالانہ اسمبلی میں دستخط کے لئے پیش کیا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582647