مسجد نبوی میں تعینات کارکن ہروقت صفائی اور سینیٹائزنگ کا کام انجام دیتے ہیں،سعودی حکام

108
Authority of Masjid Nabawi Affairs
Authority of Masjid Nabawi Affairs

مدینہ منورہ۔15مارچ (اے پی پی):سعودی عرب کی مسجد نبویﷺ کے امور کی جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مسجد میں تعینات کارکن اس کے 1.378 ملین مربع میٹر سے زیادہ رقبے میں صفائی اور سینیٹائزنگ کا کام انجام دیتے ہیں۔

ایس اے پی کے مطابق مسجد نبوی امور کی اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد کو دھونے اور جراثیم کش سپرے اور سینیٹائزنگ کے علاوہ خوشبویات سے مسجد کو معطر رکھنے کا کام رمضان المبارک میں 24 گھنٹے جاری رہتا ہے،افطار سے قبل مسجد نبوی کے صحن میں قالین بچھا دیے جاتے ہیں،بعد میں انتہائی قلیل وقت میں کارکنان تیزی سے صفائی کے تمام کام انجام دیتے ہیں ، منٹوں میں تمام دسترخوان سمیٹ کر مسجد کی اندر اور باہر سے صفائی مکمل کر لی جاتی ہے۔

اتھارٹی کا کہنا ہے اسی طرح قالینوں اور فرش کی صفائی اور سینیٹائزنگ دن بھر جاری رہتی ہے، اس کے علاوہ مسجد کو 24 گھنٹے معطر رکھنے کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ زمزم کے خالی کولرز ہٹانے اور انہیں بھرنے اور صفائی کے لیے مختص جگہوں تک پہنچانے کا کام بھی سسٹم کے تحت کیا جاتا ہے اور ڈسپوزایبل گلاس ہٹانے اور نئے گلاسز رکھنے کا بھی کام کارکنان وقتاً فوقتاً انجام دیتے رہتے ہیں۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں صفائی کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی فیلڈ ٹیمیں اپنی خدمات انجام دیتی ہیں، روشنی کے نظام، ایئرکنڈیشننگ اور ساؤنڈ سسٹم کی دیکھ بھال، وضو خانے اور بیت الخلا کی صفائی کے لیے بھی کارکنان مختلف شفٹوں میں 24 گھنٹے کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان پوری تندہی کے ساتھ تمام خدمات انجام دیتے ہیں تاکہ زائرین عبادت میں یکسو رہیں اور یہاں کے پاکیزہ ماحول میں رمضان کی مبارک ساعتیں گزریں۔