مسلح افواج اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے شہداء ہمارے ہیرو ہیں، پارلیمانی سیکرٹری شاہدہ اختر

80

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے مواصلات شاہدہ اختر نے پولیس شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ مسلح افواج اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے شہداء ہمارے ہیرو ہیں، موٹر وے پولیس کے شہداء کے خاندانوں کی دیکھ بھال ہم سب کی اوّلین ترجیح ہے، وزارت مواصلات کی سرپرستی اور مدد ہمیشہ موٹروے پولیس کی بہتری اور افسران کی ویلفیئر کیلئے میسر رہے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم شہداء پولیس کے موقع پر موٹروے پولیس لائنز ہیڈ کواٹر میں منعقدہ خصوصی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے قبل پارلیمانی سیکرٹری شاہدہ اختر اور آئی جی خالد محمود نے یاد گار شہداء پرپھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری شاہدہ اختر نے کہا کہ یو م شہداء پولیس کے حوالے سے تقریب میں شرکت میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ہم شہداء کو سلام اور خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں۔ موٹروے پولیس کے شہداء نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے ایثار، قربانی اور بہادری کا عملی نمونہ پیش کیا ہے۔

موٹر وے پولیس کے شہداء کے خاندانوں کی دیکھ بھال ہم سب کی اوّلین ترجیح ہے، نا مساعد حالات کے باوجود موٹروے پولیس اپنے فرائض بہترین طریقے سے سر انجام دے رہی ہے بالخصوص خواتین افسران کا کردار قابل تعریف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی جی خالد محمود نے نو مور ہیش ٹیگ کے نام سے جو مہم شروع کی ہے وہ قابل تعریف ہے۔ افسران کے پرخلوص رویہ اور بہترین اخلاق کی وجہ سے موٹر وے پولیس ایک مثالی ادارہ کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔

وزارت مواصلات کی سرپرستی اور مدد ہمیشہ موٹروے پولیس کی بہتری اور افسران کی ویلفیئر کیلئے میسر رہے گی۔ شہداء پیکج اور تنخواہوں میں اضافے کے دیرینہ مسئلے کے حل کیلئے کوشش کروں گی کہ جلد منظور ہو جائیں- تقریب میں آئی جی خالد محمود، سینئر افسران و ملازمان اور شہداء کے ورثاء، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔تقریب میں موٹروے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل خالد محمود نے کہا کہ موٹر وے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کو سلام اور خراج تحسین پیش کرنے کیلئے یہ تقریب منعقد کی گئی ہے۔موٹروے پولیس کے 45افسران نے جام شہادت نوش کیا ہے جن میں ایک خاتون پولیس آفیسر بھی شامل ہیں۔ شہداء کے خاندانوں کے لئے مراعات ان کی قربانیوں کا کسی صورت نعم البدل نہیں ہو سکتا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ وزارت مواصلات موٹروے پولیس شہداء پیکج اور افسران و ملازمان کی تنخواہوں میں اضافے کے لئے فعال کر دار ادا کر ے گی۔موٹروے پولیس نے کم وسائل کے باوجود عوام کی خدمت اور قانون کے بلاامیتاز نفاذ کو بہتر بنانے کیلئے نئے اقدامات کئے ہیں۔

اس موقع پر آئی جی خالد محمود نے وازرت مواصلات خصوصی طور پر وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود اور پارلیمانی سیکرٹری برائے مواصلات شاہدہ اختر کے تعاون کو سراہا۔ تقریب کے آخر میں پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت مواصلات شاہدہ اختر نے شہداء کے اہلخانہ اور بہترین کار کر دگی کے حامل افسران میں اعزازی شیلڈ اور اسناد تقسیم کیں۔