اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ مسلح افواج پاکستان کی سلامتی، خود مختاری کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کیلئے تیار ہیں، دہشت گردی کے واقعات کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا بھارت کا وتیرہ ہے، بھارت پچاس سال سے اسی ڈگر پر چل رہا ہے، پاکستان پر الزام لگاؤ، کریڈٹ لو اور الیکشن جیتو، یہ ہی ان کا مقصد ہے ، پہلگام واقعہ پر استعمال ہونے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس جعفرایکسپریس حملے میں بھی استعمال ہوئے، الزام تراشی کے بجائے بھارتی حکومت کو سوالوں کے جواب دینا ہوں گے، دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ وہ بدھ کونائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ہم اس واقعے کے حقائق پر جائیں گے الزامات پر نہیں۔ پہلگام واقعے کی جگہ ایل او سی سے 230 کلومیٹر دور ہے، یہ کیسے ممکن ہے کہ دس منٹ کے اندر اتنے دشوار گزار راستے سے کوئی پہنچ جائے،بھارتی بیانیہ یہ ہےکہ یہ دہشت گردی کا واقعہ ہے،کہا جا رہا ہےکہ مسلمانوں نے فائرنگ کی،کہا جارہا ہےکہ ہندوؤں پر فائرنگ کی گئی، بھارت کی جانب سے یہ بیانیہ کیوں چلایا جا رہا ہے؟
وزیراعظم نے بھی بھارتی بیانیے پر سوال اٹھایا ہے، ہمارا مؤقف واضح ہےکہ دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کی طرف سے کہا جارہا ہےکہ پاکستانی ایجنسیوں نے یہ واقعہ کرایا، بھارتی الزامات واقعےکے چند منٹ بعد ہی سامنے آنا شروع ہوگئے، زپ لائن آپریٹر کی ویڈیو کو بنیاد بنا کر جھوٹا بیانیہ بنایا گیا ، بھارتی میڈیا نے واقعےکے فوری بعد پاکستان کے خلاف الزام تراشی شروع کی، جعفر ایکسپریس واقعے پر بھی بھارت کے اسی اکاؤنٹ سے پہلے بیان آیا، اس اکاؤنٹ سے پہلے بتایا جاتا ہےکہ چند گھنٹے میں حملہ ہوگا، بتایا جاتا ہےکہ حملہ کب اورکہاں ہوگا، پھر جب حملہ ہوتا ہے تو وہی بھارتی مخصوص اکاؤنٹ حملےکا بتاتا ہے، بھارتی میڈیا اسی اکاؤنٹ کو لےکرپھر بڑھا چڑھا کرپیش کرتا ہے، یہ وہ سوالات ہیں جس پر ہم غور کر رہے ہیں اور دنیا غور کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بھارت کی جیلوں میں سیکڑوں پاکستانی غیرقانونی قید ہیں، بھارت ان قید پاکستانیوں کو جعلی مقابلوں میں استعمال کر رہا ہے، اوڑی میں محمد فاروق کو جعلی مقابلے میں شہید کردیا گیا، بھارتی فوج نے اس کو درانداز کہا، درحقیقت وہ معصوم شہری تھا، بھارت بے گناہ لوگوں کو درانداز کا الزام لگا کر مار رہا ہے، بھارت خود ایک دہشت گرد ریاست ہے، پاکستانی اور کشمیری شہریوں کو بھارت کی جیلوں میں رکھا ہوا ہے، بھارت ان قیدیوں پر تشدد کرتا ہے اور ان کے بیان دلواتا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پہلگام واقعہ کے فوری بعد ایف آئی آر کے اندراج اور مندرجات نے سوالات پیدا کر دیئے ،جائے وقوعہ سے پولیس سٹیشن پہنچنے کیلئے کم از کم 30 منٹ کا سفر ہے، 10 منٹ میں کیسے ممکن ہے کہ کوئی ایف آئی آر درج کرا دے، 10 منٹ میں درج ایف آئی آرمیں ہینڈلر جیسے الفاظ استعمال کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ الزام لگایا گیا کہ لوگوں کو شناخت کر کے مارا گیا، اتنے کم وقت میں لوگوں کی شناخت کس طرح ممکن ہے؟ وزیراعظم نے بھی بھارتی بیانیے پر سوال اٹھایا ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھی بھارتی الزام تراشی کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیاں سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، بھارتی جیلوں میں قید پاکستانیوں کو دہشت گرد قرار دے کرجعلی مقابلوں میں نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پلوامہ واقعہ کو بھی سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا تھا، بھارتی شہری کہہ رہے ہیں کہ پہلگام واقعہ سکیورٹی ناکامی ہے۔ پاکستان نے کئی مرتبہ دنیا کے سامنے شواہد رکھے ہیں کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے، بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں، بھارت خود ایک دہشت گرد ریاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستند معلومات ہیں کہ بھارت نے پہلگام واقعہ کے بعد اپنےآلہ کار پاکستان میں دہشت گردی کے لیے متحرک کر دیئے، افواج پاکستان اور خفیہ ایجنسیاں تمام صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590648