مسلم لیگ ن عدالت میں مریم نواز کے خلاف کیسز کی سماعت کیلئے تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے، مشیر برائے احتساب و داخلہ بیرسٹر شہزاداکبر

75

اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر احتساب و داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن عدالت میں مریم نواز کے خلاف کیسز کی سماعت کیلئے تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے، ن لیگ آڈیو اور وڈیو ٹیپ ڈراموں کے ذریعے عدالتوں سے زیادہ سے زیادہ وقت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز سزا یافتہ مجرمہ ہیں اور انہیں عدالتوں میں بدعنوانی مقدمات کا سامنا ہے، یہ لوگ کیسز کو منطقی انجام تک پہنچے سے روکنے کیلئے مسلسل التوائیں لے رہے ہیں۔ بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ ن لیگ کی جانب سے عدالتوں کو نشانہ بنانے سے ملک کا امیج خراب ہو گا، میری عدلیہ سے اپیل ہے کہ وہ ن لیگ کی طرف سے اسطرح کے حربے استعمال کرنے کا نوٹس لے۔