مسلم لیگ (ن) پر واضح مایوسی چھائی ہوئی ہے، ٹاس جیتنے کا مطلب میچ جیتنا نہیں، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی میڈیا سے بات چیت

105

اسلام آباد۔6مارچ (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ساری قوم دیکھ رہی ہے کہ مسلم لیگ (ن) پر واضح مایوسی چھائی ہوئی ہے، ٹاس جیتنے کا مطلب میچ جیتنا نہیں، کھلاڑی کے ایک بائونسر سے پوری پی ڈی ایم ڈھیر ہو چکی ہے، سیاسی بہروپیوں کے لئے پیغام ہے کہ ابھی میچ شروع ہوا ہے۔ ہفتہ کو قومی اسمبلی اجلاس کے بعد پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے الیکشن میں میچ فکس کر کے جنہوں نے ٹاس جیتا وہ نادان یہ سمجھ بیٹھے کہ ٹاس جیتنے کا مطلب میچ جیتنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج وزیراعظم عمران خان کے ایک بائونسر سے پوری پی ڈی ایم ڈھیر ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے 2018ءمیں 176 ووٹ لے کر جس میچ کا آغاز کیا تھا، آج 178 ووٹوں کے ساتھ پارلیمان نے ان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دیکھ رہی ہے کہ مسلم لیگ (ن) پر واضح مایوسی چھائی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاغذی شیر وزیراعظم عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتے، نواز شریف اصلی شیر ہیں تو ملک واپس آ کر قانون کا سامنا کریں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن والے مانگے تانگے کی سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن مافیا کے خلاف آواز اٹھانے پر مفاد پرست ٹولہ اکٹھا ہو چکا ہے، کرپٹ مافیا پارلیمنٹ تک پہنچنے کے لئے نوٹوں کی بوریوں کا سہارا لے رہا ہے لیکن وزیراعظم کرپٹ مافیا کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

انہوں نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو پیغام دیا کہ ایک کھلاڑی سب پر بھاری ہیں، وزیراعظم عمران خان قوم کے بہتر مستقبل کے لئے درخشاں امید ہیں۔