مسلم لیگ (ن) کا مؤقف ہمیشہ سے آئین و قانون کی حکمرانی رہا ہے، نواز شریف چوتھی مرتبہ وزیراعظم بن کر ملک کو مسائل سے نکالیں گے، جاوید لطیف

102
مسلم لیگ (ن) کا مؤقف ہمیشہ سے آئین و قانون کی حکمرانی رہا ہے، نواز شریف چوتھی مرتبہ وزیراعظم بن کر ملک کو مسائل سے نکالیں گے، جاوید لطیف

اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا مؤقف ہمیشہ سے آئین و قانون کی حکمرانی رہا ہے، تمام ادارے ہمارے اپنے ہیں، ہمارا کسی سے پہلے کوئی جھگڑا تھا نہ اب ہے، نواز شریف چوتھی مرتبہ وزیراعظم بن کر ملک کو مسائل سے نکالیں گے، اگر 2017ء کے تمام کرداروں کے خلاف آئین و قانون کے مطابق کارروائی کی جاتی تو 9 اور 10 مئی کے واقعات رونما نہ ہوتے، ملک کی خوشحالی کیلئے کوئی بھی ادارہ ہمارے کندھے سے کندھا ملا کر چلنا چاہتا ہے تو اس کو خوش آمدید کہیں گے۔

جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ باتیں درست نہیں ہیں کہ حکومت انتخابات میں تاخیر چاہتی ہے، ان باتوں کو اس وقت کی نئی حلقہ بندیوں اور مردم شماری کے حوالے سے وزیراعظم کے ایک بیان سے منسوب کیا جا رہا ہے، وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس وقت یہ بات کی تھی۔

انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) ایک دن بھی الیکشن میں تاخیر نہیں چاہتی، نئی مردم شماری کے مطابق الیکشن ہونا ممکن نہیں ہے، اس لئے پرانی مردم شماری کے مطابق ہی الیکشن کا انعقاد ممکن ہو گا، وقت مقررہ پر الیکشن کے انعقاد سے ہی ملک کا فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سیاسی قیمت چکا کر جمہوریت کو بچایا ہے۔ ہم ریاست کو بچانے آئے تھے، لوگ نواز شریف کی طرف دیکھ رہے ہیں کیونکہ وہ جانتے تھے کہ نواز شریف نے 2013ء سے 2018ء تک ملک کو اندھیروں سے نجات دلائی، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیا، قوم نے نواز شریف سے جو امید وابستہ کی ہے وہ مایوس نہیں ہوں گے، نواز شریف چوتھی مرتبہ وزیراعظم بن کر ملک کو مسائل سے نکالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 9 اور 10 مئی کو بغاوت کی جو منصوبہ بندی ہوئی وہ بے نقاب ہوئی، ذوالفقار علی بھٹو کو اقتدار سے ہٹایا گیا، بے نظیر بھٹو کے قتل اور نواز شریف کو اقتدار سے ہٹانے کی سازشیں ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ غیر ملکی قوتیں جنہیں سی پیک کا منصوبہ ہضم نہیں ہو رہا اور وہ سازشیں کر رہی ہیں اور انہیں یہاں سے سہولت کاری بھی ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلے بھی بے شمار قوانین ہیں مگر وہ قانون جو کسی بے گناہ کی داد رسی نہیں کر سکتا جو کسی کے مجرم ثابت ہونے پر بھی سزا نہیں دے سکتا اس کی اصلاح ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کیس ہو یا 9 مئی کے واقعات ہوں اب مزید کسی ثبوت کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2017ء کے تمام کرداروں کے خلاف کارروائی ہوتی تو 9 اور 10 مئی کے واقعات نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کردار بے نقاب ہونے اور اقرار کے باوجود بھی کوئی کارروائی نہ ہونا انصاف کے تقاضوں کے برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ئین سے متصادم قوانین نہیں ہونے چاہئیں، اگر اس سلسلہ میں حکومت کی طرف سے کوئی بل آتا ہے تو اسے مسلم لیگ (ن) کا قانون نہ کہا جائے کیونکہ اس وقت ملک میں اتحادی جماعتوں کی حکومت ہے۔

جاوید لطیف نے کہا کہ نواز شریف نے اپنے ورکروں اور کارکنوں کو ہمیشہ آئین و قانون کی پاسداری کی تربیت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام ادارے ہمارے ہیں، اگر غلطیاں ہوئی ہیں تو اب ملک کی خوشحالی کیلئے کندھے سے کندھا ملا کر ساتھ چلنا چاہیے ، ہمارا کسی سے پہلے کوئی جھگڑا تھا نہ اب ہے،