مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا چشتیاں میں جلسہ عام سے خطاب

341

چشتیاں۔8ستمبر (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف ملکی معیشت کو اندھیروں سے نکالنے کیلئے کوشاں ہیں، مسلم لیگ (ن) پاکستان کو بنانے، سجانے اور سنوارنے والی جماعت ہے جبکہ تحریک انصاف بدمعاشوں اور اوباشوں کا ٹولہ ہے، ہم ملک میں ”گالی دو اور فیصلہ لو” کا کلچر نہیں آنے دیں گے، شکست عمران خان کا مقدر ہے، عمران خان کی دوبارہ اقتدار میں آنے کی خواہش اب منوں مٹی کے نیچے دب کر رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چشتیاں میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ چشتیاں نواز شریف کا تھا، نواز شریف کا ہے اور نواز شریف کا رہے گا، چشتیاں اور بہاولنگر کے عوام نے جو محبت اور شفقت دی اسے کبھی نہیں بھلا سکتی، پارٹی قائد محمد نواز شریف سے والہانہ محبت پر چشتیاں کے عوام کی مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تین بار کے منتخب وزیراعظم نواز شریف کو ایک بار بھی مدت پوری نہیں کرنے دی گئی لیکن ان آدھی ادھوری حکومتوں کے باوجود ملک میں جتنے بھی بڑے ترقیاتی منصوبے ہیں ان سب پر نواز شریف کی تختی لگی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے اپنے چار سالہ دور حکومت کے دوران کسی ترقیاتی منصوبے کی اینٹ تک نہیں لگائی، عمران نیازی کی تقریر چار سالہ دور حکومت سے پہلے بھی نواز شریف پر ختم ہوتی تھی اور آج بھی نواز شریف پر ہی ختم ہوتی ہے، بدقسمتی سے مسلم لیگ (ن) کا مقابلہ ایک ایسے شخص سے ہے جو شیطان اور بدتمیز ہے، یہ شخص جتنے بھی جھوٹ بول لے اور شیطانیاں کر لے،اس کا انجام بہت برا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس فتنہ پرور انسان کے تمام کرتوت اور کارستانیاں عوام کے سامنے رکھیں گے، یہ فتنہ ملک کے لئے صرف اور صرف تباہی ہے۔ مریم نواز نے عمران نیازی کو ملک، معیشت، ریاستی اداروں اور اخلاقی قدروں کی تباہی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان ریاست مدینہ کا نام لیتا ہے اور جب تقریر کرتا ہے تو بازاری زبان استعمال کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس فیصلے میں عمران خان کے خلاف تمام ثبوت موجود ہیں، فارن فنڈنگ کے پیسے عمران خان اس تباہی کے لئے ملے ہیں جو تباہی وہ پاکستان میں پھیلا رہا ہے، یہ شخص باہر کی طاقتوں کے فنڈڈ ایجنٹ ہے، یہ شخص بیرونی فنڈنگ سے حاصل شدہ رقم سے ملک میں آگ لگا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ اس وقت ملک میں مہنگائی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں زیادہ ہیں، گزشتہ حکومت ملکی معیشت کو پستی اندھیروں کو دھکیل کر گئی، وزیراعظم شہباز شریف ملکی معیشت کو ان اندھیروں سے نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں، وزیراعظم شہبازشریف کی محنت ضرور رنگ لائے گی، ملکی معیشت جلد ٹریک پر ہوگی، مسلم لیگ (ن) ہر حال میں ملک اور عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان حکومت میں تھا تو آئی ایم ایف کی شرائط تسلیم کر کے ملکی معیشت کو تباہ کیا اور جس وقت اس کو پتہ چلا کہ حکومت جا رہی ہے تو آئی ایم ایف سے کئے معاہدے کو پھاڑ کر چلا گیا جس کی قیمت آج بھی پاکستان ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب میں سیلاب سے تباہ حال علاقوں میں گئی اور وہاں کے عوام سے ملی تو ان لوگوں نے بتایا کہ پرویز الٰہی اور عمران حکومت سے کوئی بھی ان کی خبر گیری کرنے کے لئے نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان کو بنانے، سجانے اور سنوارنے والی جماعت ہے جبکہ تحریک انصاف بدمعاشوں اور اوباشوں کا ٹولہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ملکی اداروں کے خلاف بدزبانی کرتا ہے، ہم ملک میں ”گالی دو اور فیصلہ لو” کا کلچر نہیں آنے دیں گے، شکست اور تباہی خان کا مقدر ہے اور اس کی دوبارہ اقتدار میں آنے کی خواہش اب منوں مٹی کے نیچے دب کر رہے گی۔ قبل ازیں نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز کی جلسہ گاہ آمد کے موقع پر پارٹی کارکنوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، جلسے میں پارٹی کارکنوں سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی، مریم نواز نے ہاتھ ہلا کر پارٹی کارکنوں کے نعروں کا جواب دیا۔ مریم نواز نے پارٹی قائدین اور کارکنوں سمیت جلسے میں شریک عوام کو نواز شریف کی جانب سے سلام بھی پیش کیا۔