مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت ملک پر 31 ہزار ارب روپے کا قرضہ چڑھا کر گئی،وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

75
عالمی طاقتیں افغانستان میں خوراک کی کمی اور انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات کریں،زرتاج گل

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت ملک پر 31 ہزار ارب روپے کا قرضہ چڑھا کر عوام کو مقروض کر کے گئی، 1990 ء میں نوازشریف اور شہبازشریف کے پورے خاندان کے پاس 27 لاکھ کے اثاثے تھے، عوام کے آنسو اور محرومیاں بیچ کر ان لوگوں نے بیرون ممالک میں جائیدادیں بنا لی ہیں۔

جمعہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2018ء میں جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت ختم ہوئی تو نوازشریف اور شہباز شریف کے اثاثوں کی مالیت 7 بلین سے بڑھ چکی تھی، جب بھی ان سے ان اثاثوں بارے جواب مانگا جاتا ہے تو کہتے ہیں کہ ڈیمو کریسی کو خطرہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کے پاس ایک ثبوت نہیں ہے کہ یہ اثاثے کدھر سے آئے ہیں اور اوپر سے کہتے ہیں کہ نیب ان کے خلاف انتقامی کارروائی کر رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے تین سال گزرنے کے بعد ملکی اکانومی درست کر لی ہے اور تمام اشاریے مثبت جانب گامزن ہیں، ملک میں ہر طبقے کو ریلیف مل رہا ہے، بجٹ پر کوئی بھی سڑکوں پر نہیں نکلا ، تمام لوگ بجٹ سے خوش ہیں، کسی ماہر معاشیات نے بجٹ کو غلط قرار نہیں دیا، سب کہہ رہے ہیں کہ بجٹ متوازن اور درست ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب اپوزیشن کو نظر آرہا ہے کہ عوام حکومت سے خوش ہیں تو انہوں اس بات سے توجہ ہٹانے کیلئے پارلیمان میں ہلڑبازی شروع کر دی، اپوزیشن اراکین نے حکومتی ارکین پر حملے کیے اورگالم گلوچ کی۔

انہوں نے مزید کہاکہ مسلم لیگ (ن) کا جو رہنما حکومت کو جتنی زیادہ گالیاں دیتا ہے مریم نواز اسے اتنا بڑا عہدہ دیتی ہیں، جب اپوزیشن لیڈر تقریر کر رہے ہیں تو اپوزیشن بینچوں کی جانب سے حکومتی ارکان کو سینیٹائزر کی بوتل مارنے کا کیا جواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ مریم نواز گروپ شہباز شریف کو ایوان میں تقریر نہیں کرنے دینا چاہتا تھا ۔