راولپنڈی۔10اگست (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر تیار کئے گئے آزادی فلوٹ کا افتتاح مسلم لیگ ن کے رہنما و رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی اور بیرسٹر ملک عقیل نے کیا، آزادی فلوٹ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب ڈبل روڈ، راولپنڈی میں منعقد ہوئی، یہ فلوٹ پاکستان کی یکجہتی کی علامت ہے جس میں پاکستان کے تمام صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی اہم عمارات کے ماڈل شامل ہیں، افتتاحی تقریب میں اراکین صوبائی اسمبلی شازیہ رضوان، زیب النساء اعوان، رفعت عباسی، عاصمہ عباسی، ملک افتحار ، ملک منصور کے علاوہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کونسلز آف آرٹس غلام صغیر، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ اور زندگی کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے،
رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ فلوٹ ملکی وحدت کی علامت ہے اور پنجاب نے بڑے بھائی کا کردار ادا کرتے ہوئے تمام صوبوں اور اکائیوں کی نمائندگی کی ہے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن جب بھی حکومت میں آئی ہے تو ملکی یکجہتی اور ترقی کے لئے کردار ادا کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ایک بھرپور انداز میں اس ملکی یکجہتی کے فلوٹ کا افتتاح کیا گیا ہے اور یہ ترقی اور ملکی یکجہتی کا سفر ہے جو اس وقت ملک کی ضرورت ہے، بیرسٹر عقیل احمد کا کہنا تھا کہ آج ملک کو ہم آہنگی اور بھائی چارے کی سخت ضرورت ہے، وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایات ہر تیار کیا گیا یہ فلوٹ وحدت اور یکجہتی کے سفر پر روانہ ہوا ہے،
انہوں نے کہا کہ عوام اس فلوٹ کا بھرپور انداز میں استقبال کریں اور ملک سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کریں، تقریب میں میوزیکل نائٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں معروف گلوکارہ حمیرہ ارشد اور ڈاکٹر مبشرہ حفیظ کے علاوہ محسن پاشا اور مقامی فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا، فلوٹ پر مینار پاکستان کے علاوہ بلوچستان میں قائد اعظم کی رہائش، خیبر پختونخوا کے درہ خیبر، سندھ میں قائد کے مزار، آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی اور بمبوریت مسجد گلگت بلتستان کے ماڈلز بھی بنائے گئے ہیں، 11 اگست کی صبح یہ فلوٹ گوجر خان پہنچے گا اور 11 اگست کی رات جہلم میں قیام کرے گا، ایک رات جہلم میں رکنے کے بعد یہ فلوٹ 12 اگست کو گجرات ، 13 اگست کو گوجرانولہ اور 14 اگست کو لاہور پہنچے گا۔