مسلم لیگ (ن) کے صدر سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کا کالج گراﺅنڈ ایبٹ آباد میں عوامی جلسہ سے خطاب

152
APP49-19 ABBOTTABAD: November 19 - Former Prime Minister Muhammad Nawaz Sharif addressing a huge public meeting at College Ground. APP Photo by Sultan Mehmood

ایبٹ آباد ۔ 19 نومبر (اے پی پی) مسلم لیگ (ن) کے صدر سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ طاقت کے ذریعہ قبضہ کرنے والوں کا کھیل ختم ہو چکا ہے، اب خلق خدا فیصلہ کرے گی ، ایبٹ آباد کے عوام کے پاس نظرثانی کی اپیل لیکر آیا ہوں، فیصلہ عوام نے کرنا ہے، پاکستان کی منزل جمہوریت ہے، ووٹ کی طاقت کو بحال کرکے عوام کو انصاف اور روزگار دلائیں گے، ملک میں جب بھی ترقی ہوئی جمہوری دور میں ہوئی، اب جمہوریت کو مضبوط کرنے کا وقت آ گیا ہے، 90 دنوں میں صوبہ میں کرپشن کا خاتمہ اور بجلی کی پیدوار میں اضافہ کرنے کے دعویداروں نے صوبہ میں کیا تبدیلی لائی ہے، دھرنے والو دیکھ لو تبدیلی کیسی ہوتی ہے ۔ وہ اتوار کو یہاں کالج گراﺅنڈ ایبٹ آباد میں عوامی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ جلسہ سے پختونخوا ملی عوام پارٹی کے مرکزی صدر محمود خان اچکزئی اور مشیر ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا، مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینر امیر مقام، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی و جنرل سیکرٹری خیبر پختونخواہ مرتضیٰ جاوید عباسی، وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، وفاقی وزراءسردار محمد یوسف، جنرل صلاح الدین ترمذی، ارکان قومی اسمبلی بابر نواز خان، ماروی میمن، سینیٹر پرویز رشید، ڈاکٹر آصف کرمانی، بیرسٹر جاوید عباسی، ارکان صوبائی اسمبلی سردار اورنگزیب نلوٹھہ، صالح محمد خان، سردار محمد فرید، راجہ فیصل زمان، میاں ضیاءالرحمن، عبدالستار خان، آمنہ سردار، رقیہ حنا، ثوبیہ خان اور سابق صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا پیر صابر شاہ، علی افضل خان جدون اور دیگر مقامی قائدین بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ محمد نواز شریف نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی فیصلہ انہیں عوام سے دور نہیں کر سکتا، مسلم لیگ (ن) نے جب 2013ءمیں اقتدار سنبھالا تو اس وقت ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں تھا، بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا گیا تھا، سی این جی سٹیشنوں پر گاڑی کی لمبی قطاریں تھیں، ان کی حکومت نے ملک سے دہشت گردی ختم کر دی ہے، بجلی کے مسئلہ پر قابو پا لیا گیا ہے۔