لاہور۔4نومبر (اے پی پی):مسلم لیگ (ن ) کے صدر شہباز شریف نے غزہ میں عالمی نیوز ایجنسی کے دفتر پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ہفتہ کو اپنے ایک مذمتی بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ فلسطین میں بے گناہ عام شہریوں کے ساتھ ساتھ صحافی بھی شہید ہو رہے ہیں، 7 اکتوبر کے بعد سے غزہ مقتل گاہ بنا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں مسلمانوں کے قتل عام پر عالمی اداروں کی بے بسی افسوسناک ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔انہوں نے کہا کہ صہیونی ریاست عالمی مجرم بن چکی ہے،
اسرائیل عالمی قوانین ،جنیوا کنونشن اور انسانیت کے ہر ضابطے کو پامال کر رہا ہے، اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے اور اس نے فلسطین کی سر زمین پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور معصوم بچوں سمیت نہتے عوام ،ایمبولینسزاور ہسپتالوں پر بم برسانا انتہائی بزدلی ہے ، اس طرح کے ناجائز اقدامات سے اسرائیل اپنے جرائم چھپا نہیں سکتا۔انہوں نے کہا کہ صہیونی ریاست صرف مسلمانوں کی ہی نہیں سچائی اور اختلاف کی ہر آواز کی دشمن ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے حملے سچائی کو دنیا تک پہنچنے سے روکنے کی مجر مانہ کو شش ہے جس میں وہ کسی صورت کامیاب نہیں ہو سکتا۔