سیالکوٹ۔25دسمبر (اے پی پی):وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کی خالق جماعت ہے جسکی روایات کو ہم نے برقرار رکھتے ہوئے اپنی نوجوان نسل کی تربیت کرنی ہے ، ہم نے گالی گلوچ کی سیاست کا خاتمہ کر کے صبروتحمل اور برداشت کی سیاست کو پروان چڑھانا ہے، پی ٹی آئی لکی سیاست کو اس نہج پر لے گئی کہ آج ہماری نوجوان نسل سوشل میڈیا پر بھی گالم گلوچ کر رہی ہے ،جوسیاسی جلسے پی ٹی آئی نے شروع کیے ان کا ہماری تہذیب سے کوئی تعلق نہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نےاتوار کو مسلم لیگ ہائوس سیالکوٹ میں منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم گالی گلوچ والی جماعت نہیں ہیں بلکہ ہم نیک اور صاف ستھری روایات کے امین ہیں، نواز شریف سے بیٹی ملنے گئی تو ان کے سامنے نیب نے انہیں گرفتار کیالیکن اسکے باوجود ہمارے قائد محمد نواز شریف نے اپنے سیاسی مخالفین کے لیے کوئی غلط زبان استعمال نہیں کی بلکہ یہ کہا کہ میں اپنا معاملہ اپنے اللہ پر چھوڑتا ہوں اور جب کوئی اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑتا ہے تو پھر میرا رب اسے بہت زیادہ نوازتا ہے اور یہی ہواجب نواز شریف نے اپنا معاملہ اللہ رب العزت پہ چھوڑا تو میرے رب کریم نے انہیں سرخرو کیا اور آج ان کا چھوٹا بھائی محمد شہباز شریف ملک کا وزیراعظم ہے جو اللہ تعالیٰ کا ان پر خصوصی فضل ہے جس نے نواز شریف کو ان کے صبر کا پھل عطا فرمایا جس کا ہم جتنا بھی شکر ادا کریں کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے سیاسی جنگ ذاتی رابطوں سے لڑی جاتی تھی لیکن اب چند سال سے سیاسی جنگ سوشل میڈیا پر لڑی جارہی ہے، نواز شریف نے کبھی مخالفین کیلئے نازیبا الفاظ استعمال نہیں کیے اور ان کی ہمیشہ ہدایات رہی ہیں کہ سوشل میڈیا پر بھی مخالفین کی عزت و احترام کا خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ سیاسی جنگ اپنے مخالفین کے لیول پر آکر نہیں لڑنی، مخالفین کو ان کی زبان میں جواب نہیں دینا کیوں کہ مسلم لیگ (ن)قائداعظم محمد علی جناح کی روایات کی امین جماعت ہے اور انہی روایات کو لیکر ہم نے آگے بڑھتے چلے جانا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ آج سے 55 سال پہلے سیاست سے روشناس ہوا لیکن ایسی سیاست نہیں دیکھی، جہاں خواتین اور مردوں کے گروپ سوشل میڈیا پر سرگرم ہیں لیکن سوشل میڈیا پر بازاری زبان استعمال نہیں کی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جب ہم کال کوٹھڑیوں میں قید تھے تو رہائی ناممکن لگتی تھی لیکن پھر اللہ کی مہربانی اور کمال دیکھیے کہ اس رب کائنات نہ صرف ہمیں رہائی بخشی بلکہ اقتدار بھی عطا کیا تاکہ ہم خلق خدا کی مزید خدمت کر سکیں ۔
انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ ملک کے موجودہ حالات بہت مخدوش ہیں لیکن ہم پرعزم ہیں کہ جس طرح ہمارے رب نے ہمیں پہلے سرخرو کیا اور ان کٹھن حالات سے نکالا تو وہ مالک ہمیں ان مشکل حالات سے بھی ضرور نکالے گا ، انشاءاللہ۔ انہوں نے کہا کہ آج عمران خان کہہ رہا ہے کہ نیب میرے قابو میں نہیں تھا تو پھر بتائے مجھ سمیت ہماری ساری قیادت کو کال کوٹھڑیوں میں کس نے ڈالا، یہ شخص جھوٹا ، مکار اور محسن کش ہے جو آج اپنے محسن کو بھی گالیاں دیتا ہے حالانکہ اپنے دور حکومت کے دوران دونوں دونوں ہاتھوں سے ملک کو لوٹتا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نامی شخص سے کچھ بھی بعید نہیں ،یہ اتنا ظالم اور محسن کش شخص ہے مجھے تو خدشہ ہے کہ سارا مدعا بھی کہیں اپنے مرشد پر ہی نہ ڈال دے ،کہتے ہیں کہ لوگوں کی آڈیوز وڈیوز سوشل میڈیا پر چڑھا کر لوگوں کا اخلاق تباہ کررہے ہیں ان سے پوچھا جائے کہ جن کی وڈیوز آڈیوز ہیں اس اخلاق کو تباہ کرنے میں ان کی کوئی ذمہ داری نہیں ،کس نے گالی گلوچ کو سیاست کی زبان بنایا جو سیاسی جلسے ان کی جماعت نے شروع کیے ان کا ہماری تہذیب سے کوئی تعلق نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی غلطیوں کا ذکر تو کر رہا ہے لیکن پتہ نہیں اب اس نے اور کتنی غلطیاں کرنی ہیں، اسکی کی گئی پہلی غلطیوں کا خمیازہ آج تک عوام مہنگائی کی صورت میں بھگت رہے ہیں،اب عمران خان جلسے کیوں نہیں کر رہا کیونکہ اسے پتہ چل گیا ہے کہ عوام اس کی اصلیت جان چکے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ گورنر ہائوس کے سامنے انکے احتجاج میں کتنے لوگ تھے سب جانتے ہیں، عمران خان اقتدار اور پیسے کی ہوس میں پاگل ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10سالوں سے خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے جہاں جب دہشت گرد معصوم جانوں سے کھیل رہے تھے تو عمران خان اور انکی دوسری ساری قیادت اس وقت زمان پارک لاہور میں اپنے سیاسی دائو پیچ میں مصروف تھی ، انہیں عوام سے کوئی سرو کار نہیں یہ بس اپنے اقتدار کے لالچ میں لگے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کے پی کے کی قیادت جب زمان پارک لاہور میں موجود تھی تو اس وقت ہماری پاک فوج کو سلام جو وہاں بنوں میں دہشت گردوں کے خاتمہ میں مصروف تھی، ہماری پاک فوج کے ایس ایس جی کمانڈوز نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان کے امن کے ساتھ جو بھی کھلواڑ کرنے کی کوشش کرے گا ہماری پاک افواج اور ادارے اسے کہیں کا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک میں دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے والا غازی میجر بنوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں بھی موجود تھا اور کیا کمال کی کمٹمنٹ ہے اس نوجوان کی اللہ تعالیٰ ہمیں بھی اپنے وطن عزیز اور اسکی مٹی سے اسی طرح کی محبت کی توفیق عطا فرمائے، ہماری پاک افواج مشرقی و مغربی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور ملکی دفاع کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے سے بھی گریزاں نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ہماری پولیس کے ایک جوان نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے ملک کو بڑی تباہی سے بچا لیا ، یہ لوگ اصل میں ہمارے ہیروز ہیں جنہیں ہم سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیردفاع کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی موجودہ حکومت کو اتنی توفیق نہیں ہوئی کہ وہ بنوں جا کر کسی سے کچھ پوچھ سکیں کیونکہ انکی ترجیحات ہی کچھ اور ہیں اور لاہور میں بیٹھے باپ بیٹا جو گل کھلا رہے ہیں وہ بھی سب کے سامنے ہے۔ انہوں ے کہا کہ میں جب پرویز الٰہی کے گھر گیا تو اس نے مجھ سے کہا کہ ہم سے بہت غلطیاں ہو گئی ہیں ہمیں نواز شریف سے معافی لے دیں اور پھر ایک رات بھی ہمارے ساتھ نہیں نکالی اور اب بھی اس کا کوئی پتہ نہیں کہ یہ کدھر چلا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام مشکلات کا شکار ہیں جس کا ہمیں بخوبی اندازہ ہے لیکن یہ مشکلات دو تین سال پہلے کی ہیں جو پی ٹی آئی کی گزشتہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کا شاخسانہ ہیں لیکن ہم پرعزم ہیں کہ جلد عوامی مشکلات کے خاتمے میں کامیاب ہوجائیں گے اور اس ضمن میں ٹھوس اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ محمد نواز شریف جلد اپنے وطن واپس آئیں گے اور ملکی خوشحالی کی تکمیل کو یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج 25 دسمبر کے دن ہم سب کو یہ عہد کرنا ہو گا کہ ہم سب ملکر اس وطن کو آگے لیکر جائیں گے اور اپنے وسائل میں رہتے ہوئے ملکی تعمیرو ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے، اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اس آزمائش سے نکالے اور عوام کے سامنے سرخرو کرے۔ تقریب کے آخر میں قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش اور انکے بلندی درجات کے لیے دعا بھی کی گئی جبکہ محمد نواز شریف کی سالگرہ سمیت مسیحی بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کیک بھی کاٹا گیا۔
رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاءاللہ بٹ، سابق ایم پی اے چوہدری طارق سبحانی، سابق ایم پی اے چوہدری محمد اکرام، رکن صوبائی اسمبلیگلناز شجاعت پاشا، ضلعی جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ (ن) سید شجاعت علی پاشا، سٹی جنرل سیکرٹری کاشف نیاز بٹ، سابق مئیر سیالکوٹ چوہدری توحید اختر، محمد رفیق مغل، سٹی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ شیخ سنی، جنرل سیکرٹری پی پی ۔45 رشید احمد گھمن سمیت غلعی انفارمیشن سیکرٹری محمد قیصر بھٹی اور دیگر رہنمائوں کی کثیر تعداد نے ورکرز کنونشن میں شرکت کی۔