اسلام آباد ۔ 14 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) خود ایک بیانیہ پر یکسو نہیں، اپوزیشن کا بیانیہ بھی تقسیم ہے، ان کا بیانیہ نیب سے بچائو اور مال چھپائو ہے، اس لئے اپنی ہی جماعت کے لوگ اپنے لیڈر کی واپسی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ہفتہ کو سماجی رابطہ کی ویب سائیٹ پر اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ تاریخ بتاتی ہے کہ مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی نے وہی انتخابی نتائج تسلیم کئے جس میں صرف وہ کامیاب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ خود کو امیر اور عوام کو غریب کرنے، قوم کو قرضوںکی دلدل میں دھکیل کر ٹی ٹیز کے ذریعے پیسہ باہر بھجوانے میں واقعی کوئی ن لیگیوں کا ثانی نہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام نے دہائی دے کر آپ کے فسطائی راج سے نجات حاصل کی ہے۔