اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان کے عوام اور حکومت مشکل وقت میں سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کو فراہم کی جانے والی مدد پر مشکور ہیں، مغرب میں اسلام کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرنے اور اسلام کے پرامن اور روادارانہ نظریہ کو غیر مسلم دنیا میں پھیلانے کے لئے مسلم ورلڈ لیگ کی کاوشیں قابل تعریف ہیں ، زائرین کے لئے مثالی سہولیات کی فراہمی لائق تحسین ہے ۔
سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق منگل کو مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسٰی اور چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی سربراہی میں وفد کے مابین مدینہ منورہ میں ملا قات ہوئی۔ وفد میں چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ سینیٹرز دلاور خان ، عبدالقادر ، فیصل سلیم رحمان اور ممبر وزیراعظم انسپکشن کمیشن نعمان خان بھی موجود تھے۔سیکرٹری جنرل مسلم ورلڈ لیگ نے چیئرمین سینیٹ اور اُ ن کے وفد کے دورہ سعودی عرب کا خیرمقدم کیا اور عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کی مبارکباد بھی دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستانی قوم اسلاموفوبیا کے خلاف تحریک کی قیادت کے لئے مسلم ورلڈ لیگ کی طرف دیکھتی ہے، خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی مدبرانہ قیادت میں مملکت سعودی عرب کی ترقی انتہائی قابل تعریف ہے، سعودی عرب کے وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا سعودی عرب کے عوام کی بہتری کے لئے وژن خاص طور پر قابل قدر ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے شاہ سلمان بن عبد العزیز اور شہزادہ محمد بن سلمان کا پاکستان کی حالیہ مالی امداد پر بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ سعودی عرب کی بروقت مدد پاکستان کی مالی مشکلات کم کرنے میں مدد گار ثابت ہوگی، زائرین کے لئے مثالی سہولیات کی فراہمی لائق تحسین ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مغرب میں اسلام کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرنے اور اسلام کے پرامن اور روادارانہ نظریہ کو غیر مسلم دنیا میں پھیلانے کے لئے مسلم ورلڈ لیگ کی کاوشیں قابل تعریف ہیں ، اسلامی دنیا کے مسائل کے حل کیلئے مملکت سعودی عرب، مسلم ورلڈ لیگ اور خاص طور پر سیکرٹری جنرل کا کردار انتہائی قابل تعریف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مملکت سعودی عرب کی قیادت کی خطے میں امن اور ترقی کے لئے کوششوں کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو ہمارے مشترکہ مذہب، مشترکہ اقدار اور ثقافت میں مضبوطی سے جڑے ہوئے ہیں،دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ، دونوں ممالک ہمیشہ ہر طرح کے مشکل حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان کے عوام اور حکومت مشکل وقت میں سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کو فراہم کی جانے والی مدد پر مشکور ہیں۔ دونوں رہنمائوں نے سینیٹ آف پاکستان اور عرب ورلڈ لیگ کا معاونت کاری کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔ رہنما وفد نے کہا کہ عرب ورلڈ لیگ عالم اسلام کا نمائندہ فورم ہے۔