22.1 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومتازہ ترینمسیحی برادری نے ہمیشہ قومی پرچم میں سفید رنگ کی لاج رکھی،...

مسیحی برادری نے ہمیشہ قومی پرچم میں سفید رنگ کی لاج رکھی، ان کے حقوق کا تحفظ میرا فرض ہے، وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کا ایسٹر کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب

- Advertisement -

لاہور۔20اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کے کردار کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسیحی برادری نے ہمیشہ قومی پرچم میں سفید رنگ کی لاج رکھی، ان کے حقوق کا تحفظ میرا فرض ہے۔

اتوار کے روز یہاں اپنے حلقہ میں ایسٹر کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج میں ان لوگوں میں موجود ہوں جنہوں نے نہ صرف قیام پاکستان بلکہ ملک کی تعمیر و ترقی میں بھی قابل ذکر خدمات سرانجام دی ہیں، وہ 70 ہزار مسیحی ووٹرز کی نمائندگی کرتے ہیں جس پر انہیں فخر ہے۔ انہوں نے ایسٹر کے موقع پر اپنی پارٹی، مسلم لیگ (ن)کے قائد محمد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور حمزہ شہباز شریف کی طرف سے مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کی۔

- Advertisement -

وفاقی وزیر نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے، ہمیں مشترکہ نکات پر ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں اخوت، رواداری اور باہمی احترام غالب ہو۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کی ہر خوشی اور تہوار میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں، مسیحی برادری نے پاکستان کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں، قومی پرچم میں سفید رنگ کی لاج رکھی، بہترین فائٹر پائلٹس پیدا کئے اور جنگوں میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کا ہمیشہ ملک کے دفاع اور ترقی میں کلیدی کردار رہا ہے۔

اپنے خطاب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے اس امر کو اجاگر کیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ملک معاشی ترقی کی طرف گامزن ہوا ہے، معیشت کی بحالی میں حکومت، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلی پنجاب مریم نواز اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی مشترکہ کاوشیں شامل ہیں، آج دنیا بھر کے مالیاتی ادارے پاکستان کی معاشی ترقی کی تعریف کر رہے ہیں اور یہ سب ایک "معجزاتی ٹرن اراوئونڈ” کی مانند ہے، معیشت بہتر ہو رہی ہے، ہم اڑان پاکستان کی طرف جا رہے ہیں۔

آخر میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وہ مسیحی برادری کے نمائندے ہیں، ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے، ان کے حقوق کا دفاع کرتے رہیں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584709

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں