اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پاکستان اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسیحی برادری نے قیام پاکستان اور اور اس کی تعمیر میں بھر پور کردار ادا کیا ،تعلیم، صحت ، دفاع وطن سمیت مختلف شعبوں میں مسیحی برادری کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
اتوار کو پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کرسمس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ حضرت مسیح ؑاور حضرت مریم ؑ مسیحوں اور مسلمانوں کے درمیان قدر مشترک ہیں ، یہ جلیل القدر ہستیاں انسانیت کے لئے راہ ہدایت ہیں، ان پاک ہستیوں کے کردار کی پاکیزگی اور عظمت کی گواہی اللہ تعالی نے قرآن مجید میں دی ہے ۔
وزیراعظم نے کہاکہ مسیحی برادری نے قیام پاکستان اور اس کی تعمیر میں بھر پور کردار ادا کیا ، قیام پاکستان کے موقع پر مسیحی برادری کے قائدین نے پاکستان کے حق میں ووٹ دیا۔ انہوں نےکہا کہ مسیحوں کے قائم کردہ سکول اور ہسپتال آج بھی معاشرے کی خدمت کررہے ہیں ، تعلیم، صحت اور دفاع پاکستان سمیت مختلف شعبوں میں مسیحی برادری کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آئین میں مسیحوں سمیت تمام غیرمسلم پاکستانیوں کے حقوق کی ضمانت دی گئی ہے ، وہ برابر کے شہری ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تمام اقلیتوں کی جان ومال کی حفاظت ہماری اسلامی اورآئینی ذمہ داری ہے ،اقلیتوں سے تعلق رکھنے والی خواتین اور بچوں سمیت تمام طبقات کی ترقی وخوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔