مسیحی برادری کا مذہبی تہواروں پر تعطیلات دینے والے اداروں سے اظہار تشکر

104

اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):مسیحی برادری نے گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کی خصوصی تعطیلات دینے والے اداروں سے اظہار تشکر کیا ہے ۔رکن ضلعی امن کمیٹی راولپنڈی و مسیحی مذہبی راہنما آرچ بشپ راولپنڈی اسلام آباد ڈاکٹر جوزف ارشد کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی بابو ساجد امین کھوکھر نے کہاہے کہ مسیحی برادری کا ہمیشہ سے مطالبہ رہاہے کہ انہیں مذہبی تہواروں کے موقع پر خصوصی تعطیلات دی جائیں تاکہ وہ خوش اسلوبی اور امن و سکون کے ساتھ اپنی دعائیہ سروسز میں شرکت کرسکیں ۔

اس حوالے سے ماسوائے چند اداروں کے دیگر اداروں نے مسیحی اقلیتوں کو مذہبی تہوار کی ادائیگی کے لیے تعطیلات نہیں دیں ۔بابو ساجد امین کھوکھر نے کہاکہ وفاقی وزارت اطلاعات کے ذیلی ادارے’’ اے پی پی‘‘ کارپوریشن نے گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کے سلسلہ میں مسیحی ملازمین کے لیے چار تعطیلات کا اعلان کیا جس کا خیرمقدم کرتے ہیں اور ادارے کے سربراہ اور انتظامی افسران کے شکرگذار ہیں ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام ہسپتالوں ،کنٹونمنٹ بورڈز سمیت دیگر وفاقی و صوبائی اداروں کے مسیحی ملازمین کو بھی مذہبی تہواروں کی یکسو ادائیگی کے لیے خصوصی تعطیلات دی جائیں ۔انہوں نے کہاکہ بعض ادارے تعطیل کے اعلانات کرنے کے باوجود مسیحی ورکرز کو چھٹی نہیں کرنے دیتے اس امر کا بھی نوٹس لیاجانا چاہیے ۔