اسلام آباد ۔ 12 ستمبر (اے پی پی) مشترکہ گروپ کیلئے گزشتہ ہفتہ کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.24 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمارکے مطابق 5 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران کمبائنڈ گروپ کیلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ 124.28 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا۔ پیوستہ ہفتہ میں اس گروپ کیلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ 124.58 پوائنٹس ریکارڈکیا گیاتھا۔ اعدادوشمارکے مطابق 17732 روپے ماہانہ آمدنی کے حامل شہریوں کیلئے مہنگائی کی شرح میں 0.17 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ ہفتہ کے دوران سب سے کم آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ 126.84 پوائنٹس رہا۔ پیوستہ ہفتہ میں کم آمدنی والے گروپ کیلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ 127.06 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیاتھا۔ اعدادوشمارکے مطابق 17ہزار733 روپے سے لیکر 22ہزار888 روپے ماہانہ آمدی رکھنے والے گروپ کیلئے افراط زر کی شرح میں 0.07 فیصد اضافہ، 22ہزار889 روپے سے لیکر29 ہزار517 روپے ماہانہ آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے مہنگائی کی شرح میں 0.02 فیصد کمی ، 29 ہزار518 روپے سے لیکر 44ہزار175 روپے ماہانہ آمدنی رکھنے والوں کیلئے مہنگائی کی شرح میں 0.14 فیصد اور44ہزار175 اوراس سے زیادہ ماہانہ آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے مہنگائی کی شرح میں 0.40 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ہفتہ کے دوران 10 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی، 24کی قیمتوں میں اضافہ اور17 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ جن اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ان میں کیلا، پیٹرول، ٹماٹر، ایل پی جی سلنڈر، ڈیزل، انڈے، چینی، دال ماش، دال مونگ اور اری 6 چاول شامل ہیں۔