مشعال حسین ملک کا امریکا کے ایران پر حملے پر گہری تشویش کا اظہار

9
Mashal Hussain Malik
Mashal Hussain Malik

اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے امریکا کے ایران پر حملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، امن ہی واحد راستہ ہے۔یہاں جاری بیان کے مطابق کشمیری رہنما اور سماجی کارکن مشعال ملک نے امریکا کی جانب سے ایران کی ایٹمی تنصیبات پر مبینہ حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ایسے اقدامات مشرقِ وسطیٰ جیسے حساس خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں اور عالمی امن کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔مشعال ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ تمام ممالک کو چاہیے کہ تنازعات کو بات چیت اور سفارتی ذرائع سے حل کریں، نہ کہ جنگ کے راستے پر چلیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اقوامِ عالم بین الاقوامی قوانین اور ریاستوں کی خودمختاری کا احترام کریں۔

انہوں نے اسرائیلی لابی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار پھر امریکہ کو ایک غیر ضروری اور غیر منصفانہ جنگ میں دھکیلا جا رہا ہے، جس کے نتائج پوری دنیا بھگتے گی۔ انہوں نے عراق جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے کہ یکطرفہ فوجی کارروائیاں تباہ کن ثابت ہوتی ہیں۔

مشعال ملک نے عالمی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ مل کر امن کی حمایت کریں اور ایران کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ نہیں، بلکہ امن ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔