اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):حریت لیڈر یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے جموں میں نوجوان کے ساتھ غیر انسانی سلوک کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی سڑکوں پر انسانیت ایک بار پھر روند دی گئی، جموں پولیس نے ایک کشمیری نوجوان کو چوری کے الزام میں گرفتار کیا، کوئی عدالت لگی اور نہ کوئی ثبوت سامنے آئے لیکن سزا ایسی دی گئی کہ انسانیت شرما گئی۔
یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ نوجوان کے گلے میں جوتوں کا ہار ڈال کر اسے سڑکوں پر ذلیل کیا گیا، یہ صرف ایک نوجوان کی تذلیل نہیں یہ پوری کشمیری قوم کی بے عزتی ہے۔مشعال ملک نے اس پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ انصاف نہیں بلکہ کھلی انتقامی کارروائی ہے،سوال اب یہ ہے کہ عالمی برادری کب جاگے گی؟ کشمیری نوجوان کے گلے میں جوتوں کا ہار ڈال کر سڑکوں پر گھمایا گیا۔
مشعال ملک نے کہا کہ جموں پولیس کی تذلیل آمیز حرکت سے انسانیت شرما گئی،بغیر عدالتی کارروائی صرف الزام پر نوجوان کی تذلیل کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ انصاف نہیں انتقام ہے،عالمی ادارے کب جاگیں گے؟ ظلم کھلے عام ہو رہا ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ کشمیر کے نوجوانوں کا سوال ہے کہ ہمارا جرم کیا ہے؟یہ کشمیری قوم کو بدنام کرنے کی منظم سازش ہے۔