اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر قومی صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ مشکل کی گھڑی میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کرنا ہمارا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے، مصیبت اور مشکل کی گھڑی میں ہم سب کو مل کر اپنا کردار کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کام کرنے والے پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز سے ملاقات کے دوران کیا۔
اس موقع پر پمز ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر رضوان تاج بھی موجود تھے۔ انہوں نے سیلاب زدہ علاقوں میں صحت کی سہولیات فراہم کرنے والے ڈاکٹرزکو تعریفی خط بھی پیش کئے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کی ٹیم نے انتہائی مشکل حالات میں جاکر سیلاب سے متاثرین کا بڑے جوش و جذبے سے علاج کیا ہے۔ عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ جس طرح آپ نے سیلاب متاثرین کی مدد اور خدمت کی ھے اپ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔
بعد ازاں پی ایم ڈی سی کے بحال ملازمین نے وزیر صحت عبدالقادر پٹیل سے ملاقات کرکے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم ڈی سی کے ملازمین کو پی ایم سی نے جبری ریٹائر کر دیا تھا، پی ایم سی کی موجودہ کونسل نے ان ملازمین کو بحال کردیا ہے۔ وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ بحال ہونے والے ملازمین کو بحالی کے لیٹر بھی دیئے ہیں۔