مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمرزمان کائرہ کا ہنزہ میں شیشپر گلیشیر پگھلنے سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے متاثرہ علاقے کا دورہ

52

ہنزہ۔12مئی (اے پی پی):مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمرزمان کائرہ نے جمعرات کو ہنزہ میں شیشپر گلیشیر پگھلنے سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور منہدم ہونے والے پل کے موقع کا بھی جائزہ لیا۔یہاں جاری بیان کے مطابق اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرین کی بحالی کا عزم کیے ہوئے ہے،حالات کا جائزہ لینے کے لئے خود گلگت بلتستان آیا ہوں،متاثرین کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ این ڈی ایم اے، این ایچ اے اور صوبائی حکومت کی بروقت کارروائی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،عارضی پل کا سامان موقع پر پہنچ چکا، 15 سے 20دن میں تعمیر کرلیا جائے گا،مستقل پل کی تعمیر 6ماہ کے اندر مکمل ہو جائے گی۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ متاثرہ گھروں کو اگلے ایک سال کے لئے ماہانہ 15ہزار روپے کرایہ دیا جائے گا،متاثرین کی مستقل بحالی کے لئے صوبائی حکومت ایک مربوط پالیسی ترتیب دی گئی،متاثرین کی بحالی کے لئے وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے۔