اسلام آباد ۔ 24 اکتوبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت، صنعت و ٹیکسٹائل عبدالرزاق دائود سے وفاق ہائے ایوان صنعت و تجارت ( ایف پی سی سی آئی) کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے صنعتی شعبہ کو درپیش مسائل سے متعلق وزیر اعظم کے مشیر کو آگاہ کیا اور مینوفیکچرنگ شعبہ کی ترقی و بہتری کے لئے ان کے مسائل کے حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ عبدالرزاق دائود نے معاشی ترقی کے لئے ایف پی سی آئی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت صنعتی شعبہ کی بحالی کے لئے تزویراتی فیصلے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری طبقے پر ریگولیٹری بوجھ کم کرنے کے لئے کام کررہی ہے۔ ملک میں کاروبار کو آسان بنانے کے لئے اصلاحات کی گئی ہیں۔ ان اصلاحات سے صنعتی شعبہ کے مسائل حل ہو ںگے اور پیداواری سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔