
اسلام آباد ۔ 06 اپریل (اے پی پی) مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز یو ایس انسٹی ٹیوٹ آف پیس (یو ایس آئی پی)سٹیفن ہیڈلے نے جمعرات کو یہاں خیر سگالی ملاقات کی۔ سٹیفن ہیڈلے امریکی وفد کی قیادت کر رہے تھے۔ ملاقات کے بعد وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق مشیر خارجہ اور معاون خصوصی دونوں نے وفد کے دورے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کئی برسوں سے پاکستان اور امریکہ کے درمیان آئیڈیاز اور ڈائیلاگ کے تبادلے کیلئے پلیٹ فارم کی فراہمی میں یو ایس آئی پی کے اہم کردار کا اعتراف کیا۔ وفد کو خطے میں امن و سلامتی کی صورتحال اور ہمسایہ ملکوں کیساتھ امن،خوشحالی خطے میں ترقی کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کی کوششوں کے حوالے سے بریف کیا گیا۔چیئرمین ہیڈلے کو حکومت پاکستان کی جانب سے جمہوریت کے استحکام، قیام امن اور ملک میں پائیدار سماجی اقصادی ترقی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔