مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا مکہ میں او آئی سی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب

115
APP37-17 MAKKAH TUL MUKKARRAMA: November 17 – Adviser to the Prime Minister on Foreign Affairs Mr. Sartaj Aziz leading Pakistan’s delegation at the emergency session of the OIC Council on Foreign Ministers. APP

اسلام آباد۔ 17 نومبر (اے پی پی) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بے گناہ کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام حمایت کیلئے او آئی سی اور مسلم ملکوں کی جانب مسلسل دیکھ رہے ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ بات انہوں نے جمعرات کو مکہ میں او آئی سی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مشیر خارجہ نے اپنے خطاب میں حق خود ارادیت کے حصول کیلئے پر امن احتجاج اور جدوجہد کرنے والے بے گناہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو اجاگر کیا اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام حمایت کیلئے او آئی سی اور مسلم ملکوں کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ ترک وفد نے کشمیر کے تنازعے کے باعث جنوبی ایشیاءمیں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر توجہ مبذول کراتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ 18اکتوبر کو تاشقند میں منعقدہ کونسل آف فارن منسٹر کے قرار داد کی روشنی میں کشمیر کا تنازعہ حل کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں اور وہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیلئے فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیج دیں۔ ترک وفد نے بھارت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ مشن کو بھارت آنے کی اجازت دے۔ مشیر خارجہ نے حوثی باغیوں کی جانب سے مقدس شہر مکہ پر میزائل حملے کی مذمت کرتے ہوئے حرمین شریفین کے مکمل دفاع اور سعودی عرب کے علاقائی استحکام اور خود مختاری کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔