مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی جاپان ،آسٹریا اورسوئیٹزر لینڈ کے وزراءخارجہ سے ملاقاتیں

105

اسلام آباد ۔ 21 ستمبر (اے پی پی) جاپان،آسٹریا اور سوئیٹزر لینڈ نے پاکستان کیساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور علاقائی و بین الاقوامی معاملات پر باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق رائے بدھ کو نیو یارک میں یو این جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور جاپان کے وزیرخارجہ فومیو کشیدہ،آسٹریا کے وزیر خارجہ سبسٹائن کورز اورسوس وزیر خارجہ ڈائیڈر برہالٹر مابین الگ الگ ملاقات کے دوران پائی گئی۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق تینوں ملکوں کے وزراءخارجہ نے دہشت گردی کیخلاف مہم میں پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرتے ہوئے قبائیلی اور ملک کے دیگرحصوں میں کامیابی سے جاری انسداد دہشت گردی آپریشن کو سراہا۔مشیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ ان آپریشنز کے نتیجے میں ملک میں سیکورٹی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے ،جس سے ملکی معیشت پائیدار شرح کیساتھ ترقی کے راستے پر گامزن ہے۔انہوں نے جاپان،آسٹریا اور سوئیٹزرلینڈ کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کو سراہا۔مشیر خارجہ نے اپنے جاپانی،آسٹریا اور سوئس ہم منصبوں کوپاک بھارت تعلقات اور بھارتی مقبوضہ کشمیر میں صورتحال کے حوالے سے بریف کیا۔