اسلام آباد ۔ 12 اگست (اے پی پی) پاکستان نے بھارت کو مسئلہ کشمیر پر باضابطہ مزاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر نئی دہلی جامع مزاکرات کیلئے تیار نہیں تو مسئلہ کشمیر پر بات چیت کرے۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں سیکرٹری خارجہ جلد اپنے بھارتی ہم منصب کو خط لکھیں گے،اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں مسلہ کشمیر کا مسئلہ سرفہرست ہو گا، بھارت کے ساتھ جوہری دھماکے نہ کرنے کے معاہدے کیلئے تیار ہیں، پاکستان نیوکلیئر سپلائیرز گروپ کی رکنیت کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے،کوئٹہ دہشت گرد حملے میں این ڈی ایس اور ’را‘ بلاواسطہ ملوث ہو سکتے ہیں، باہمی تحفظات دور کرنے کی غرض سے افغانستان کے ساتھ ہر سطح پر رابطوں میں تیزی لائیں گے،افغانستان کے ساتھ تعلقات کیلئے نئی گائیڈ لائنز مرتب کر لی ہیں، بارڈر منیجمنٹ کے بغیر قبائلی علاقے محفوظ نہیں ہو سکتے، ہیلی کاپٹر عملہ کی بازیابی کی فی الحال کوئی تصدیق نہیں ہو سکی۔یہ باتیں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے جمعہ کو دفتر خارجہ میں صحافیوں کو بریفنگ کے دوران کہیں۔کشمیر سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے مشیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں کشمیر پاکستان کے ایجنڈے میں سرفہرست ہو گا۔انہوں نے بھارت کو کشمیر پر مزاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اگر نئی جامع مزاکرات کیلئے تیار نہیں تو کشمیر پر جامع مزاکرات کرے۔اس سلسلے میں سیکرٹری خارجہ بہت جلد اپنے بھارتی ہم منصب کو خط لکھیں گے۔